حضرت فاطمۃ الزہرہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اتحاد امت اور فرقہ وارانہ اتحاد کے لئے کاوشیں کی جائیں ٗ سید امین الحسنات

فروعی اختلافات ختم کئے جائیں اور مشترکہ اعتقادات کو فروغ دیا جائے ٗوزیر مملکت کا خطاب

بدھ 30 مارچ 2016 18:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء)وزیر مملکت برائے مذہبی امور سید امین الحسنات نے کہا ہے کہ حضرت فاطمۃ الزہرہ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اتحاد امت اور فرقہ وارانہ اتحاد کے لئے کاوشیں کی جائیں۔ وہ بدھ کو مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام 38 ویں سالانہ ولادت حضرت فاطمۃ الزہرہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرہ دنیا بھر کی خواتین کے لئے نمونہ کامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو مغربی ثقافت کی یلغار سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں ان مقدس ہستیوں سے روشناس کرایا جائے۔ پیر امین الحسنات نے کہا کہ فروعی اختلافات ختم کئے جائیں اور مشترکہ اعتقادات کو فروغ دیا جائے تاکہ لوگوں میں یکجہتی اور رواداری کو فروغ ملے اور اس سے اقتصادی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

(جاری ہے)

مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرہ کی ذات پاک اور تعلیمات کو پرائمری سے لے کر یونیورسٹی کی سطح تک شامل نصاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف مسلمانوں کے فرقے نہیں بلکہ تمام مذاہب حضرت فاطمۃ الزہرہ کی ہستی اور ان کی تعلیمات پر ایمان رکھتے ہیں۔ کانفرنس سے آغا مرتضیٰ پویا، علامہ مرزا یوسف حسین، صغیر اسلم، عبداﷲ حمید گل، رقعیہ شاہ بی بی، سردار اعظم آفریدی، اور دیگر نے حضرت فاطمۃہ الزہرہ کی سیرت پاک اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

کانفرنس میں دو قراردادیں منظور کی گئیں۔ پہلی قرارداد میں ضرب عضب کی کامیابی اور فرقہ وارانہ اتحاد کے لئے حکومت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔ دوسری قرارداد میں تجویز کیا گیا کہ گلگت بلتستان کو مکمل صوبائی درجہ دیا جائے اور انہیں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے۔