پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے ، سعودی عرب ہمارا بہترین دوست ہے

مسلم لیگ (ن) کے راہنما ڈاکٹر جمال ناصرکاتقریب تقسیم اسناد سے خطاب

بدھ 30 مارچ 2016 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے راہنما ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔ سعودی عرب ایک بہترین دوست ہے اوراس نے ہمیشہ دوستی کا حق ادا کیا ہے، سعودی حکومت اور عوام نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ دیا ہے ۔ وہ گذشتہ ورز سعودی فلاحی تنظیم انٹر نیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بے سہارا بچوں کے ادارے دارعلی بن ابی طالب کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر طلبااور اساتذہ سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی فلاحی اداروں کے تحت جاری مختلف پراجیکٹس پاکستان کے مستحق افرادکی زندگیوں میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور یہ تنظیمیں اپنے برادر اسلامی ملک کے ضرورتمند اور مستحق افراد کی شاندار خدمات پر انجام دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرعبدو محمد عتین ڈی جی آئی آئی آر او اور رابطہ عالم اسلامی نے کہا کہ پاکستانی عوام کی بھلائی اور بہتری کے لئے خدمات جاری رہیں گی اور اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائیگا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان منصوبوں سے مسفید ہوسکیں۔

اس سے قبل دارعلی بن ابی طالب کے پرنسپل جاوید اﷲ شاہ نے ادارہ میں جاری نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔ اس موقع پر جاوید بٹ ڈپٹی ڈی جی، عبدالطیف انچارج ، احسان اﷲ وائس پرنسپل ، اساتذہ اور بچوں کے عزیز و اقارب بھی شریک تھے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈاکٹر جمال ناصر نے طلباء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔