دہشت گردی کا ناسور معصوم بچوں اور خواتین کوبھی نگلنے لگاہے،سید سہیل عابدی

آرمی چیف کے حکم پر آپریشن شروع ہونے کے بعد قوم سے خطاب کھسیانی بلی کھمبانوچے کے مترادف ہے، حمید میمن

بدھ 30 مارچ 2016 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) دہشت گردی کا ناسور معصوم بچوں اور خواتین کوبھی نگلنے لگاہے، نوازحکومت سے قوم کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیاجائے لیکن نجانے کہاوجہ تھی کہ دہشتگردوں کو چھپنے کے مواقع فراہم کئے جارہے تھے، اب جبکہ دہشتگردی کا عفریت پنجاب کے سرپر پہنچ چکاہے تو حکومت کویادآیاکہ ملک میں کوئی آپریشن بھی چل رہاہے ۔

یہ باتیں پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کے سینئر رہنماسیدسہیل عابدی، حمیدمیمن، حسین ابراہیم کاکا،زین آغا،نثارعزیزآبادی، عظیم خان، رفاقت حسین، ریحان شہنشاہ، قاسم قمر ودیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہیں ۔انہوں نے سانحہء لاہورگلشن اقبال پارک میں قیمتی جانوں کے نقصان پر شدید مذمت اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ نوازحکومت کی بے جاہٹ دھرمی اور پنجاب میں آپریشن کی مخالفت کے نتیجے میں آج قوم اتنے بڑے جانی نقصان ست دوچارہوگئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کے حکم پر آپریشن شروع ہونے کے بعد قوم سے خطاب کھسیانی بلی کھمبانوچے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاں بحق ہونے والوں کی ایف آئی آر خادم اعلیٰ ،راناثناء اﷲ اور چودھری نثارکے خلاف درج کی جائے۔ پی پی رہنماؤں نے کہاکہ دہشتگردپورے معاشرے اور تہذیب کو تاریکیوں میں ڈبونا چاہتے ہیں، لیکن پاکستانی عوام دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

سانحہ گلشن اقبال پارک نے نواز لیگ حکومت کی اہلیت اور دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ ثابت ہوگیاکہ خادم اعلیٰ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے آگے رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف ہمارے جوان ضرب عضب میں اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر کامیابیاں حاصل کررہے ہیں تو دوسری طرف وزیر داخلہ کا فرمان ہے کہ ہم یہ جنگ نفسیاتی طور پر ہار چکے ہیں۔

نواز شریف کی حکومت نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد میں سنجیدہ نہیں ،دو سال گزرنے کے باوجود تاحال نیکٹاکو نہیں بنایا گیا ۔ اس ساری صورت حال میں عوام عدم تحفظ کا شکاراور نواز شریف کی حکومت سے مکمل طور پر مایوس ہوچکے ہیں۔دوسرے صوبوں کو نظراندازکرکے نوازحکومت عوام کااستحصال کررہی ہے، اب جبکہ ان کے سرپر خودکش بم دھماکے ہورہے ہیں وہ جواب دیں کہ ان کی گڈگورننس کہاں گئی۔