فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کے لئے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ تاحال جاری

جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ طلحہ سعید کا جناح ہسپتال کا دورہ مزخمیوں کی عیادت ، مریضوں میں نقد امدادی رقوم بھی تقسیم کی گئیں

بدھ 30 مارچ 2016 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی جانب سے سانحہ گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کے لئے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے ۔جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ طلحہ سعید نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ایف آئی ایف کی جانب سے جناح اور میوہسپتال میں زیر علاج مریضوں میں لاکھوں روپے نقد رقوم تقسیم کی گئیں ۔

امدادی رقوم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنماؤں نے ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے تقسیم کیں ۔جبکہ چوتھے روز بھی زخمیوں اور انکے لواحقین کو کھانے کی فراہمی بھی جاری ہے ۔ ایف آئی ایف کے درجنوں رضاکار زخمیوں کی خدمت میں مصروف ہیں ۔ امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید کی ہدایات پر سانحہ کے متاثرین کی خدمت کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں سے ڈسچارج ہونے والے افراد کو ایف آئی ایف کی ایمبولینس گاڑیوں پر انہیں گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ طلحہ سعید نے جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اقبال پارک کے معصوم بچوں اورنہتوں کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔بے گناہوں کو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے۔ کوئی مسلمان بے گناہوں کو خون میں تڑپانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

سانحہ لاہور بھارتی ایجنسی" را"کی کارستانی ہے۔ اﷲ کو وہ بندے بہت پسند ہیں جو دوسروں کو فائدہ پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران کسی صورت بھی بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں پر خاموشی اختیار نہ کرے۔ مشکل کی اس گھڑی میں قوم حکومت اور افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مذہبی و سیاسی جماعتیں مل کر دہشت گردوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنائیں۔