گوجرانوالہ ٗ شہری کو زندہ جلانے والے جعلی عامل کو گرفتار کرلیا گیا

ملزم نے ابتدائی بیان میں اعتراف جرم کر لیا ٗ جلد ہی ملزم کے دوسرے ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جائیگا ٗپولیس

بدھ 30 مارچ 2016 17:40

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء)گوجرانوالہ میں 4 روز قبل جنات نکالنے کے عمل کے دوران گوجرانوالہ کے شہری کو زندہ جلانے والے جعلی عامل کو گرفتار کر لیا گیا۔یاد رہے کہ باغبانپورہ کے رہائشی 60 سالہ محنت کش عبدالستار کو بیماری سے نجات دلانے کیلئے کئے جانے والے عملیات کے دوران جعلی عامل سائیں بابا اور ساتھیوں نے زندہ جلا دیا تھا۔

پولیس نے ڈرامائی انداز میں حافظ آباد سے ملزم سائیں بابا کو گرفتار کیا۔سائیں بابا کے مطابق وہ 35 جنات نکال چکا ہے تاہم دھویں سے جنات نکالنے کا اس کا پہلا تجربہ تھا۔انھوں نے بتایا کہ آگ کے زیادہ نزدیک لے جانے کے باعث مریض عبدالستار جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ابتدائی بیان میں اعتراف جرم کر لیا ہے اور جلد ہی ملزم کے دوسرے ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چار روز قبل عبدالستار کو زندہ جلانے والے جعلی عامل سائیں بابا کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی تھی۔باغبانپورہ پولیس نے بتایا تھا کہ محنت کش عبدالستار گزشتہ کچھ روز سے بیمار تھا اور اسے دورے پڑتے تھے، جس کے علاج کے لیے اس کے اہلخانہ نے گوجرہ سے ایک عامل بابا کو بلوایا۔مذکورہ عامل سائیں بابا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وہاں پہنچا اور عبدالستار کی بیماری کو جنات کا سایہ قرار دے کر گھر کے ایک کمرے میں لے گیا، جہاں وہ رات بھر آگ جلا کر چلہ کاٹتا رہا۔

پولیس کے مطابق صبح کمرے سے کوئی آواز نہ آنے پر اہلخانہ نے کمرے کا دروازہ توڑا تو کمرے میں عبدالستار کی لاش موجود تھی اور آگ کے باعث اس کا چہرہ اور جسم بری طرح جھلس چکا تھا، جبکہ عامل بابا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہو چکا تھا، مقتول محنت کش کے 6 بچے ہیں۔