14سال پہلے کرائے پر لی گئی ویڈیو کیسٹ واپس نہ کرنے پر امریکی شہری گرفتار

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 30 مارچ 2016 17:32

14سال پہلے کرائے پر لی گئی ویڈیو کیسٹ واپس نہ کرنے پر امریکی  شہری گرفتار

اکثر قارئین کو وی سی آر اور ویڈیو کیسٹ کا زمانہ اچھی طرح یاد ہو گا مگرموجودہ دور کی بلورے ڈسکس اور دیگر جدید میڈیا کے سامنے ویڈیو کیسٹ ماضی بعید کی بات لگتی ہے۔
کرائے پر حاصل کی گئی ایک ویڈیو کیسٹ کے بارے میں سامنے آنے والی یہ خبر آپ کو بھی مذاق لگے گی مگر یہ حقیقت ہے۔شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص ، میرس، نے بتایا کہ پولیس نے اسے گاڑی کی ٹوٹی ہوئی لائٹ کی وجہ سے روکا، اس کے بعد اسے بتایا کہ پولیس کے پاس اسے گرفتار کرنے کے لیے وارنٹ موجود ہے۔

پولیس نے وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس نے 2001 کی فلاپ فلم فریڈی گوٹ فنگرڈ کی کرائے پر لی ہوئی ویڈیو کیسٹ واپس نہیں کی تھی۔
میرس کا کہنا ہے کہ پہلے تو وہ اسے مذاق سمجھا مگر جب اسے گرفتار کیا گیا تو اسے حقیقت کا اندازہ ہوا۔

(جاری ہے)

میرس کو جس وقت گرفتار کیا گیا، اس وقت وہ اپنی بیٹی کو سکول چھوڑنے جا رہا تھا ، اس نے پولیس سے وعدہ کیا کہ اسے اپنی بیٹی کو سکول چھوڑنے کے لیے جانے دیا جائے وہ خود ہی واپس پولیس اسٹیشن آجائےگا۔

بیٹی کو سکول چھوڑنے کے بعد میرس پولیس اسٹیشن آیا تو اسے بتایا گیا کہ 2002 میں اس کی گرفتاری کا وارنٹ جاری ہوا تھا۔میرس کا کہنا ہے کہ اسے کرائے پر ویڈیو کیسٹ لینے کے بارے میں کچھ یاد ہی نہیں ہے۔میرس کو 27اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
میرس کو گرفتار کرنے والے سارجنٹ جوناتھن کا کہنا ہے کہ ہم صرف وارنٹ دیکھتے ہیں، یہ نہیں دیکھتے کس قسم کا ہے، ہمیں وارنٹ پر عمل درآمد کرنا ہوتا ہے۔