کور کمانڈر شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیں

بدھ 30 مارچ 2016 17:22

راولپنڈی ۔ 30 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء) کور کمانڈر شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیں،تجاوزات کے خلاف آپریشن بلا تفریق اور مستقل بنیادوں پر کیا جائے، ناجائز تجاوزات کینٹ اور سٹی کے عملے کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں تجاوزات ہٹانے کے ساتھ ساتھ انفورسمنٹ کے ذمے داروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے ․ پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے سابق سیکرٹری جنرل زاہد حسین کاظمی نے راولپنڈی کینٹ اور سٹی میں ناجائز تجاوزات فوری ہٹانے اور ان کی پشت پناہی کرنے والے محکمے کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے تمام اہم علاقوں نصیر آباد ‘ آلہ آباد ‘ مصریال روڈ ‘ بائیس نمبر ‘ لال کڑتی ‘ ٹینچ بھاٹہ ‘ ڈھوک چوہدریاں‘ سیٹلائیٹ ٹاؤن ‘ صادق آباد ‘ راجہ بازاراور سارے شہر میں ناجائز تجاوزات کی وجہ سے جہاں شہریوں کے لئے مسائل پیدا ہو گئے ہیں وہیں سکیورٹی کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ سٹاف ذیادہ تر سیاسی بنیادوں اور رشوت خور افراد پر مشتمل ہے جن کو براہِ راست حکومتی ارکان کی آشیرواد حاصل ہے ۔ تحریک انصاف کے مرکزی راہنما نے کور کمانڈر راولپنڈی ‘ ڈی جی ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس اور اسٹیشن کمانڈرسے راولپنڈی شہر بھر سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور اُن کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کور کمانڈر شہر بھر سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیں۔