راولپنڈی ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین پر موثر انداز سے عمل درآمد کروائے،شعیب خرم جانباز

بدھ 30 مارچ 2016 17:22

راولپنڈی ۔ 30 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی ایس ایس پی شعیب خرم جانباز نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین پر موثر انداز سے عمل درآمد کروائے تاکہ شاہراؤں پر انفورسمنٹ کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جاسکے شہر میں غلط پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور روڈ بلاک کر کے کاروبار کرنے ، گاڑیاں اور موٹر سائیکل بیجنے کی غرض سے سڑک اور فٹ پاتھ پر کھڑی کر کے شہریوں کے لیے ٹریفک پریشانی کا سبب بننے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ عوام الناس کو راولپنڈی سمیت تحصیل ہائے میں بھی مکمل ٹریفک سہولیات سے آراستہ کیا جا سکے ۔

اس امر کا اظہار انہوں نے راولپنڈی سمیت تحصیل بھر کے تمام ڈی ایس پیز ، انسپکٹر /سیکٹر انچارجز ،ڈیوٹی اور بیٹ افسران کو ٹریفک ہیڈ کوارٹرزمیں میٹنگ کے دوران احکامات جاری کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت ، لاپرواہی، عدم دلچسپی اور عوام الناس کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے ٹریفک اقدامات میں اچھی کارکردگی نہ دیکھانے والے افسران ، انسپکٹرز اور وارڈن افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مری روڈ پر جہاں کھلی جگہ ہو صرف وہاں سنگل لائن میں پارکنگ کروائی جائے تاکہ ٹریفک روانی متاثر نہ ہو اسی طرح بازاروں میں بھی غلط پارکنگ کسی صورت نہ ہونے دی جائے غلط پارک کی گئی گاڑی یا موٹر سائیکل کو فوری لفٹ کر لیا جائے تجاوزات کے خلا ف سخت ایکشن لیا جائے اور ہر صورت ٹریفک روانی برقرار رکھی جائے ۔چیف ٹریفک آفیسر شعیب خرم جانباز نے کہا کہ ضلع راولپنڈی میں ٹریفک انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات پر موثر انداز سے عمل درآمد کروایا جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :