پاکستان کونسل برائے آبی وسائل کے زیراہتمام آگاہی اجلاس کا انعقاد

معاشی و معاشرتی ترقی میں پانی کا اہم کردار ہے، دنیا بھر میں 1.5 ارب لوگ آبی وسائل سے متعلقہ ملازمتوں کا حصہ ہیں وفاقی سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی فضل عباس میکن کا خطاب

بدھ 30 مارچ 2016 16:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) عالمی یومِ آب 2016 کے سلسلے میں پاکستان کونسل برائے آبی وسائل اور دیگر اداروں، عالمی ادارہ صحت، یونیسکو، اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن سائنس فاؤنڈیشن ، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام ، آکارڈا اور رفاح انٹرنیشنل یونیورسٹی کے تعاون سے کونسل کے صدر دفتر اسلام آباد میں عالمی یوم آب کے مرکزی خیال "بہتر آب - بہتر ملازمتیں" کے موضوع پر ایک آگاہی اجلاس کا انعقاد ہوا۔

وفاقی سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجیفضل عباس میکن نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ معاشی و معاشرتی ترقی میں پانی کا ایک اہم کردار ہے۔ دنیا بھر میں 1.5 ارب لوگ آبی وسائل سے متعلقہ ملازمتوں کا حصہ ہیں۔ عالمی یوم آب کا مرکزی خیال " بہتر آب بہتر ملازمتیں" ہمیں یہ با آور کراتا ہے کہ کس طرح پانی کی مقدار اور معیار کی بہتری سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو سکتا ہے اور اس طرح معاشرتی اور معاشی ترقی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گھر سے لے کر کھیت تک پانی کی بچت کی اہمیت پر زور دیا۔ پروفیسر ڈاکڑ انیس احمد، وائس چانسلر رفاح انٹرنیشنل یونیورسٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی بچت اور انتظام کو صرف سائنس ٹیکنالوجی یا معاشیات کے تناظر میں نہیں پرکھنا چاہیے۔ بلکہ اس کے حل کی جڑیں ہماری مذہبی، ثقافتی و معاشرتی اقدار میں پیوستہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا ہمارے مسائل مقامی ہیں اس لئے ان کے حل ہم پردیس سے درآمد نہیں کر سکتے۔

افتتاحی کلمات میں ڈاکٹر محمد اشرف، چئیرمین پی سی آر ڈبلیو آر نے قرآن و سنت کی روشنی میں پانی کی اہمیت اور اس کی بچت پر زور دیا۔ ڈاکٹر عبدالمجید، کنٹری مینیجر آکارڈانے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونیٹی کی بنیاد پر آبی سروسز کی بہتری اور اس سے متعلقہ ملازمتوں کی فراہمی میں آکارڈا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے تکنیکی سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین سومرو، پریذیڈنٹ اکنامک کارپوریشن آرگنائزیشن سائنس فاؤنڈیشن نے " انکوائری کی بنیاد پر بچوں میں سائنس کی اہمیت اور پانی کی بچت کی تعلیم " ، ڈاکٹر راشد آفتاب، ڈائریکٹر، رفاح انٹرنیشنل یونیورسٹی نے " معیشت کی بہتری میں پانی کے کردار " اور جناب کرامت علی، پاکستان واٹر پارٹنرشپ نے "آبی وسائل و نوجوانان" کے موضوعات پر خطاب کیا۔

تقریب میں طلباء اور کسانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔