”ٹاٹا سٹیل“کا برطانیہ میں خسارے میں چلنے والے اپنے سٹیل کے کارخانوں کو بند کرنے پر غور

بدھ 30 مارچ 2016 15:03

ممبئی۔ 30 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء) بھارت کی معروف کمپنی ”ٹاٹا سٹیل“ نے برطانیہ میں خسارے میں چلنے والے اپنے سٹیل کے کارخانوں کو بند کرنے پر غور شروع کر دیا ہے جس سے ہزاروں ملازمین کا روزگار متاثر ہوسکتا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹاٹا نے اپنے یورپین شراکت دار کو ایسی تمام تنصیبات کی تنظیم نو کرنے کو ہدایت دی ہے جس میں برطانیہ کے آپریشن کو جزوی طور پر یا پھر مکمل طور پر فروخت کرنے کی بات کی گئی ہے۔

ممبئی میں بورڈ کی ایک اہم میٹنگ کے بعد ٹاٹا نے کمپنیوں کی تنظیم نو کے فیصلے کا جو اعلان کیا ہے اس سے نا صرف سٹیل کمپنی کے ملازمین متاثر ہوں گے بلکہ رودرہیم، کوربی اور شاٹن میں واقع اس کے دیگر پلانٹ بھی متاثر ہوں گے۔

(جاری ہے)

ٹاٹا کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر طلب سے زیادہ سٹیل کی سپلائی، یورپ میں اس کی در آمدات، زیادہ لاگت اور غیر مستحکم کرنسی کے سبب برطانیہ اور یورپ میں کاروباری حالات تیزی سے خراب ہوئے ہیں۔

کپمنی کاکہنا ہے کہ انہیں حالات کے مستقبل میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے اور اس سے برطانیہ کے آپریشنز کی پوزیشن متاثر ہوئی ہے۔ادھر برطانیہ اور ویلز کی حکومت نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ برطانیہ میں سٹیل تیار کرنے کے لیے مستحکم مستقبل کی بنیادوں پر ٹاٹا اور یونینز کے ساتھ کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :