دبئی ائیر پورٹس پر سہولیات استعمال کرنے کے عوض مسافر 35 درہم کی ادائیگی کریں‌گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 30 مارچ 2016 14:12

دبئی ائیر پورٹس پر سہولیات استعمال کرنے کے عوض مسافر  35 درہم کی ادائیگی ..

دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30مارچ2016ء): دبئی ائیر پورٹس کی سہولیات سے مستفید ہونے والے مسافر اب 35 درہم کی ادائیگی کے پابند ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی کے شہزادہ اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چئیر مین شیخ ہمدان بن محمد بن راشد المختوم نے دبئی کے ائیر پورٹس پر سہولیات استعمال کرنے والے مسافروں سے فیس وصولی سے متعلق ایگزیکٹو کونسل کی 2016ء کی قرارداد نمبر 08 کی منظوری دے دی ہے۔

اس قرارداد کے مطابق ٹرانزٹ مسافروں سمیت ہر وہ مسافر جو کہ متحدہ عرب امارات سے جانے کے لیے دبئی ائیر پورٹس کا استعمال کرتا ہے اس فیس کی ادائیگی کا پابند ہو گا۔قرارداد میں دو سال سے کم عمر مسافروں ، طیارے کے عملے اور ایسے ٹرانزٹ مسافر جن کی آمد اور روانگی کا پرواز نمبر ایک ہی ہے، کو اس ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دبئی ائیر پورٹس پر کام کرنے والی ائیر لائنز کو ٹکٹ کے اجرا کے وقت ہی اس فیس کی وصولی کی ہدایت کی گئی ہے۔

جمع کی گئی اس فیس کو دبئی ائیر پورٹس ٹرانسفر کیا جائے گا جس کے بعد اس رقم کو دبئی حکومت کے بیت المال میں جمع کروا دیا جائے گا۔ اس قرارداد کا مقصد دبئی ائیر پورٹ کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور مزید گنجائش پیدا کرنا ہے، جو کہ 2023 تک ایک سوملین مسافروں تک طے کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اس کا مقصد دبئی ائیر پورٹس کے توسیعی منصوبوں کے لیے مدد فراہم کرنا بھی ہے ، یہ قرارداد سرکاری گزٹ میں اشاعت کی تاریخ سے ہی درست ہو گی۔ دبئی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ ائیر پورٹ فیسیلیٹی چارچز 30 جون سے وصول کیئے جائیں گے۔