گذشتہ سال کے دوران مصنوعات تیار کرنے والے بڑے اداروں کے منافع میں 59 فیصد اضافہ

بدھ 30 مارچ 2016 13:12

اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء) سال 2015ء کے دوران صارفین کے لئے مختلف مصنوعات تیار کرنے والے بڑے اداروں کے منافع میں 59 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور ان کمپنیوں نے دوران سال 50 ارب 23کروڑ 20 لاکھ روپے کے منافع جات حاصل کئے ہیں۔ مارکیٹ کی طلب اور رسد کے حوالے سے مختلف تجزیاتی رپورٹس کے مطابق خوراک اور غذائی مصنوعات تیار کرنیو الی کمپنیوں کی مجموعی فروخت میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال کے دوران ان کی فروخت کا حجم 526 ارب 43کروڑ 70 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔

تجزیاتی اعدادو شمار کے مطابق گاڑیاں تیار کرنے والے اداروں سمیت پرزہ جات تیار کرنے اور شعبہ سے منسلک دوسری صنعتوں کے منافع میں دوگنا اضافہ ہوا اور سال 2015ء کے دوران ان کو 19ارب 85 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کا منافع حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

جبکہ نیسلے ‘ پاکستان ٹوبیکو سمیت آٹھ دیگر کمپنیوں کے نفع جات میں 36 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور صارفین کے لئے غذا اور دیگر مصنوعات تیار کرنے والے ان اداروں کا منافع 30 ارب 37 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین کے لئے روز مرہ کی اشیاء و مصنوعات تیار کرنے والی کمپنیوں کے منافع میں اضافہ کا بنیادی سبب طلب میں اضافہ اور افراط زر کی کمی ہے۔ تجزیاتی رپورٹ کے مطابق منافع میں اضافہ کا ایک اور سبب خام مال کی قیمتوں اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی بھی شامل ہے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا کہ صارفین کی اشیاء ضروریہ تیار کرنی والے اداروں کی کارکردگی میں ہونے والے اضافہ سے ملکی معیشت کی ترقی میں نمایاں مدد ملے گی۔