لاہور ، رائیونڈ روڈ پر پولیس مقابلے کے دوران پانچ دہشتگرد مارے گئے

بدھ 30 مارچ 2016 11:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء ) لاہور میں رائیونڈ روڈ پر پولیس مقابلے کے دوران پانچ دہشتگرد مارے گئے، مارے جانے والے دہشتگردوں سے ریس کورس،اقبال پارک اور پنجاب اسمبلی کے نقشے بھی برآمد کئے گئے۔ سی آئی اے پولیس کے ساتھ لاہور کے علاقے نواب ٹاون میں پولیس مقابلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے ۔ تین شناخت شدہ مشتبہ دہشت گردوں میں سے دو کا تعلق خیبر پختونخواہ اور ایک کا پنجاب سے بتایا جاتا ہے جن کے بارے پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گلشن اقبال پارک دھماکے میں ملوث تھے۔

سی آئی اے پولیس کی خفیہ اطلاع کے مطابق دہشت گرد رائیونڈ روڈ پر واقع سوسائٹی میں کے ایک گھر میں رہائش پزیر تھے جس پر سی آئی اے پولیس نے اس مکان پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔

(جاری ہے)

پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ دوران پانچ دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں سے تین کی شناخت ہوگئی جن میں خان وحید،ناصر اقبال اور جنید ظہور شامل ہیں دہشت گردوں کے قبضے سے دو کلاشنکوف تین پستول دس ہینڈ گرنیڈ اور آٹھ ٹائم ڈیوائسس کے علاوہ ریس کورس پارک، پنجاب اسمبلی اور گلشن اقبال پارک کے نقشے بھی بر آمد ہوئے۔

اس کے علاوہ پولیس کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق القاعدہ سے ہے جو کہ ڈاکٹر وائن سٹائن اور جنرل مجید ملک کے داماد عامر ملک کے اغوا، گڑی شاہو میں قادیانیوں کی عبادت گاہ پر خودکش حملے سمیت الفلاح تھیٹر،پیرو تھیٹر،گڑی شاہو میں نیٹ کیفیز اورجوس کارنرز پر کریکر حملوں میں بھی ملوث تھے۔پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزموں نے رائے ونڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایونیو میں کرائے پر گھر حاصل کررکھا تھا جہاں مزید دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ہلاک کئے گئے تین مبینہ دہشت گردوں کی شناخت بھی کردی گئی ہے جن میں پنجاب کے علاقے شرق پور کا ناصر اقبال، پشاور کا خان وحید اور ایبٹ آباد کا جنید ظہور شامل ہیں، جبکہ دیگر دو کی شناخت ابھی باقی ہے۔

متعلقہ عنوان :