عوامی تحریک کی خواتین نے سانحہ گلشن اقبال پارک کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شمعیں روشن کیں

منگل 29 مارچ 2016 21:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر گلشن اقبال پارک دہشتگردی کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں خواتین و دیگر مسیحی افراد کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا ،اس موقع پرخواتین نے حکومت اور دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے لگائے اور پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشن کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی ،خواتین نے کہاکہ حکمران عوام کو تحفظ نہیں دے سکتے تو اقتدار خواتین کو دے دیں ،خواتین ان نالائق اور کرپٹ حکمرانوں سے بہتر ملک چلا کر دکھا دیں گی ۔

(جاری ہے)

لاہور پریس کلب کے باہر پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات عائشہ مبشر،کلثوم طفیل ،کلثوم قمر ،رابیل،انیتہ الیاس،آمنہ بتول اور زینب بی بی کی قیادت میں لاہور کے مختلف ٹاؤنز کی خواتین عہدیداروں نے شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پرعائشہ مبشر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ گلشن پارک دہشتگردی کی وجہ سے ہر آنکھ اشکبار ہے ،حکمران ہر سانحہ پر فوٹو سیشن کروانے اور مگر مچھ کے آنسو بہانے کے بعد دوبارہ ٹھیکوں اور ٹینڈروں کی سیاست کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں ،اب قوم کو اس امر میں کوئی شبہ نہیں رہاکہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگردی ختم نہیں ہو گی ،آرمی چیف کی طرف سے پنجاب میں آپریشن کی ابتدا ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے ہم اس آپریشن کی کامیابی اور دہشتگردوں کے صفائے اور انکے سپورٹروں کے خاتمے کیلئے دعا گو ہیں۔

متعلقہ عنوان :