خیبرپختونخوااسمبلی نے پبلک سروس کمیشن ،صحت ،آثارقدیمہ سے متعلق تین بلوں کی متفقہ طور پر منظوری دیدی

بل کے تحت آثارقدیمہ کی نوادرات کو نقصان پہنچانے پرکسی شخص کودوسال قید ،دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جاسکتی ہے

منگل 29 مارچ 2016 21:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) خیبرپختونخوااسمبلی نے پبلک سروس کمیشن ،صحت اورآثارقدیمہ سے متعلق تین بلوں کی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔ بل کے تحت آثارقدیمہ کی نوادرات کو نقصان پہنچانے پرکسی شخص کودوسال قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔ آثارقدیمہ بل کے تحت عام لوگوں پر آثارقدیمہ کے مقامات کی کھدائی پرپابندی ہوگی حکومت کی نگرانی میں مختلف سائیٹ کامعائنہ کیاجائیگا ۔

اگر کوئی بیرونی کمپنی کسی سائٹ پر کھدائی کرناچاہتی ہے تو اس سے پہلے محکمہ سے این اوسی حاصل کرنی ہوگی بغیراجازت کے کھدائی کرنیوالوں کو پانچ سال قید اور دس لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنائی جاسکتی ہے۔حکومت آثارقدیمہ کے مختلف سائیٹ کو دریافت کرنے کیلئے تکنیکی ماہرین کی خدمات حاصل کریگی اور اس کے لئے مقامی لوگوں کے خدمات بھی حاصل کئے جائینگے۔

(جاری ہے)

اسمبلی نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ریفارمزبل کی منظوری دیدی، بل کے تحت اسپتال انتظامیہ کو ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس اسٹاف کی بھرتی ،تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا اختیار حاصل ہو گا۔سینئرصوبائی وزیر شہرام ترکئی نے ایوان کوبتایاکہ صوبے کے بڑے ہسپتالوں کو خودمختاری دی جارہی ہے جہاں وہ ضرورت کے مطابق اپنے لئے ڈاکٹروں کی تعیناتی بھی کرسکیں گے اور دیگرلوازامات کی بھی خریداری کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بجائے ہسپتال کے ایک ایک چیز کیلئے پیسے دئیے جائیں اب سرکاری ہسپتالوں کو اس بات کی اجازت ہوگی کہ وہ اپنے لئے اعلیٰ کوالٹی کے آلات و دیگرچیزیں خرید سکتے ہیں انہوں نے واضح کیاکہ پیرامیڈیکس کی ہڑتال کے دباؤ میں حکومت کبھی نہیں آئے گی آئے روز ہڑتال ایک فیشن بن گیاہے حکومت ڈاکٹروں کی طرح پیرامیڈیکس کی تنخواہیں بھی بڑھائے گی ۔

قربان علی کے نکتہ اعتراض پر معاونین خصوصی برائے صنعت وتجارت کریم خان نے ایوان کوبتایاکہ کرنل شیرخان انٹرچینج کے قریب زمین کی خریداری کے حوالے سے جس قیمت کا تعین کیاگیاہے اس میں اضافہ ممکن نہیں اگرمقامی لوگ مزید احتجاج نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے تو ان کیخلاف ایف آئی آر واپس لئے جاسکتے ہیں ۔ صوبائی اسمبلی نے پبلک سروس کمیشن ترمیمی بل کو بھی منظور کرلیا ہے۔ بل کے تحت تمام محکموں کے جونیئرکلرک کی بھرتیاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کرائی جائے گی۔ بعدازاں سپیکراسدقیصرنے صوبائی اسمبلی کواجلاس جمعہ تک ملتوی کردیا۔

متعلقہ عنوان :