کسی بھی قوم کی تقدیر سنوارنے اور بگاڑنے میں انسانی وسائل کا کلیدی کردار ہے، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

منگل 29 مارچ 2016 21:11

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی تقدیر سنوارنے اور بگاڑنے میں انسانی وسائل کا کلیدی کردار ہے۔ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے انسانی وسائل کی ترقی پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ انسانی وسائل کو ترقی سے ہی ہم کامیابی اور سرخروئی کے حصول کے قابل ہوسکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ضلع ہرنائی کو ڈسٹرکٹ چیئرمین شاہجہاں پٹھان کی قیادت میں ہرنائی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ معاشی ترقی ہی سیاسی اور سماجی ترقی کا زینہ ہے اور آج کی معاشی دنیا گذشتہ کل کی معاشی دنیا کی نسبت بہت زیادہ بدل چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید معاشی دنیا نہ صرف ہم سے نئے معاشی، ذرائع اور نئے امکانات پیدا کرنے کا تقاضہ کرتی ہے بلکہ ہمیں اپنے محدود ذرائع اور وسائل کو بہتر اور مؤثر انداز میں استعمال کرنے کا درس بھی دیتی ہے انہوں نے مقامی سرمایہ داروں پر زور دیا کہ وہ صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں اور دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک روشن مستقبل کی منصوبہ بندی کے لئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ انسانی وسائل کو پیدا کرنا بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنی لامحدود خواہشات اور ضروریات کے مقابلے میں اپنے محدود وسائل وذرائع کی وجہ سے کئی مشکلات ومصائب سے دوچار ہیں۔ اس ضمن میں اپنے انسانی وسائل کو بہتر انداز میں انتظام کرکے ہی ہم اپنے مسائل ومشکلات پر قابو پانے کے قابل ہوسکتے ہیں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ معاشی ترقی وخوشحالی کے لئے سماج کے وسیع اکثریت کی شراکت داری اور شمولیت اشد ضروری ہے۔ معاشرے کے جتنے زیادہ افراد قومی ترقی اور ارتقاء کی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں فعال اور مؤثر کردار ادا کریں گے اتنا ہی ہماری معاشی خومختاری اور سماجی سرخروئی کے امکانات روشن ہوں گے۔ گورنر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج ہم اپنے ہی قدرتی وسائل ومعدنیات کے استعمال سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے بھی دوسروں کے دست نگر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ اس کے بغیر کوئی بھی ملک وقوم ترقی اور استحکام حاصل نہیں کرسکتا۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو ضلع ہرنائی کے عوام کے مسائل ومشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقے کے عوام تعلیم، صحت اور صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کئی مسائل ومشکلات کا شکار ہیں۔ گورنر نے وفد کے تمام مسائل ومشکلات کو توجہ اور غور سے سنا اور ان کے حل کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :