وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور میں سڑکوں پر عمارتی ملبہ کی موجودگی کا نوٹس لے لیا

متعلقہ حکام کو ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے ،ملبہ فوری طور پر ہٹا کر شہری کی صفائی کو بہتر بنانے کا حکم دیدیا

منگل 29 مارچ 2016 21:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاور شہر میں سڑکوں پر عمارتی ملبہ کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کرنے اور ملبہ فوری طور پر ہٹا کر شہری کی صفائی کو بہتر بنانے کا حکم دیا ہے۔ یہ حکم انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں یونیورسٹی ٹاؤن پشاور اور حیات آباد کے مسائل کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیا۔

اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی یاسین خلیل، شوکت یوسفزئی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ڈی سی کے علاوہ ڈی جی پی ڈی اے سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور منتخب ناظمین نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی ٹاؤن میں تجارتی سرگرمیوں، غیر قانونی تعمیرات، صفائی کے نظام، ترقیاتی سرگرمیوں، تجاوزات، سیکورٹی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل پر بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی ٹاؤن کے رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے کمشنر پشاور کی سرگردگی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا جس میں متعلقہ رکن صوبائی اسمبلی، ٹاؤن ناظم،ڈی سی او اور دوسرے نمائندے شامل ہوں گے۔

کمیٹی تجارتی سرگرمیوں سے متعلق مسائل سے نمٹنے کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی ٹاؤن اور حیات آباد میں تعلیمی سیکٹر اور کار سٹی کے قیام کیلئے مناسب اراضی تلاش کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے مقامی حکومت کے حکام کو ضلع پشاور میں غیر قانونی تعمیرات کے اعدادو شمار جمع کرنے کیلئے جامع سروے کا حکم دیا۔

انہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ قوانین کے اطلاق اور خلاف ورزیوں کی روک تھام کا حکم دیا۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے صفائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔ انہوں نے حیات آباد میں ٹیوب ویلز کیلئے جنریٹر کی فراہمی کا حکم دیا۔ انہوں نے سڑکوں اور پولیس سٹیشنز کے اردگرد رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے ترقیاتی سرگرمیوں میں منتخب نمائندوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے تہکال میں پولیس سٹیشن کے قیام کیلئے تجویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی ٹاؤن میں سڑکوں کی تعمیر کے معیار کو سراہا گیا۔وزیراعلیٰ نے کلب کی اراضی واگزار کرانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ حیات آباد سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے اس سلسلے میں موٹر سائیکلیں خریدی گئی ہیں جبکہ سیکورٹی ایجنسی کی تعیناتی کیلئے اقدامات ہو رہے ہیں۔ اسی طرح یونیورسٹی ٹاؤن میں لیڈیز کلب میں منی سپورٹس کمپلیکس کے قیام کیلئے اقدامات ہو رہے ہیں جبکہ حیات آباد میں فوڈ سٹریٹ کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے۔