بلاول بھٹو کی جناح ہسپتال آمد کے موقع پر پولیس نے پی پی کی رکن اسمبلی فائزہ ملک کو اندر جانے سے روکدیا

تعارف کے باوجود اندر جانے کی اجازت نہ دینے پر فائزہ ملک کا شدید احتجاج، اسمبلی میں تحریک استحقاق لانے کا اعلان

منگل 29 مارچ 2016 21:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جناح ہسپتال آمد کے موقع پر سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے پی پی کی رکن اسمبلی فائزہ ملک کو اندر جانے سے روکدیا ،رکن اسمبلی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی میں تحریک استحقاق لانے کا اعلان کر دیا ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی اور پنجاب پولیس نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر رکھے تھے ۔ بلاول بھٹو اور قائم علی شاہ کے ایمر جنسی میں داخل ہونے کے بعد دروازے کو بند کر دیا گیا ۔ اس دوران پیپلز پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی فائزہ ملک بھی وہاں پہنچ گئیں جنہوں نے ایمر جنسی کے اندر جانے کی کوشش کی تاہم دروازے پر تعینات اہلکاروں نے انہیں جانے سے روکدیا ۔ اس موقع پر فائزہ ملک نے اپنا تعارف بھی کرایا لیکن اسکے باوجود انہیں اندر نہ جانے دیا گیا جس پر انہوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق لانے کا اعلان کر دیا۔