Live Updates

تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صحت و تعلیم کے شعبوں میں نمایا ں بہتری لانے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی کا تقریب سے خطاب

منگل 29 مارچ 2016 19:19

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صحت و تعلیم کے شعبوں میں نمایا ں بہتری لانے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے اوراس سلسلے میں فروغ تعلیم پر صوبے میں90ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جن میں سے ایک ارب 25کروڑ روپے صرف ضلع سوات کے پرائمری سکولوں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے اوراضافی کمروں کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈاگے کوز اباخیل سوات میں پاک پبلک سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاجس سے دوسروں کے علاوہ ادارے کے ڈائریکٹر انور شاہ اور پرنسپل طارق نے بھی خطاب کیا جبکہ اساتذہ ، والدین اور طلبہ بھی اس موقع پر بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے مذکورہ سکول کے اساتذہ کی محنت اور طلبہ کی عمدہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت تعلیم کے فروغ میں نجی معیاری اداروں کے کردار کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے کیونکہ سرکاری سکولوں کے ساتھ ساتھ پرائیوٹ تعلیمی ادارے بھی غربت و جہالت کے خاتمہ میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں، اناداروں کی اہمیت مسلمہ ہے اورحکومت ان کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی اقدامات کر رہی ہے تاکہ تعلیمی میدان میں مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سوات میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے خالص میرٹ کے مطابق مرد و خواتین پر مشتمل تقریبا 1300اساتذہ بھر تی کئے ہیں جو دوسرے اضلاع کی نسبت زیادہ ہیں انہوں نے کہا کہ 850خواتین اور 421مرد اساتذہ کو این ٹی ایس کے تحت بھرتی کرنا صوبائی حکومت کا ضلع سوات میں ایک انقلابی قدم ہے اور یہاں کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے ایک بڑا تحفہ ہے۔ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہی ترقی کا ضامن ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے اس موقع پر نمایا ں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات