سپورٹس کمپلیکس مردان میں جشن بہاراں کی تقریبات زور و شور سے جاری

منگل 29 مارچ 2016 18:12

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مارچ۔2016ء)مردان کی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلیکس میں جشن بہاراں کی تقریبات زور و شور سے جا ری ہیں۔ جشن بہاراں کے سلسلے میں مردان کی تاریخ میں پہلی بار نشانہ بازی کے مقابلے پی آرسی سنٹر کے فائرنگ رینج میں ہوئے جس میں نشانہ بازی کے شائقین پسٹل اور شاٹ گن اور رائفل سے نشانہ بازی کے جوہر دکھائے۔

اسی طرح انٹر تحصیل کرکٹ، فٹ بال اور والی بال کے مقابلے بھی سپورٹس کمپلیکس مردان میں ہوئے۔ فٹبال میں مردان تحصیل نے کامیابی حاصل کی۔کرکٹ میں مردان نے کاٹلنگ کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا جبکہ والی بال میں مردان نے تخت بھائی کو شکست دی۔مخہ میں شموزئی نے بابوزئی کو ہرایا۔ انٹر تحصیل قرات ،نعت اور ملی نغموں کے مقابلے منگل کو آنسی کالج میں اور بیڈمنٹن کے مقابلے بھی عبدالولی خان یونیورسٹی میں منعقد ہوئے جس میں ضلع مردان کے مختلف سکولوں کے طلبہ نی حصہ لیا۔

(جاری ہے)

جشن بہاراں کے سلسلے میں ڈاگ شو کا دلچسپ ایونٹ بھی سپورٹس کمپلیکس میں ہوا جس میں کتے پالنے کے شوقین افراد نے مختلف اعلیٰ نسلوں کے فالتو کتے شائقین کے سامنے پیش کیے۔صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے بھی جشن بہاراں میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں رکھی گئی اشیاء میں گہری دلچسپی لی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ ، تحصیل ناظم حاجی ایوب خان، اسسٹنٹ کمشنر خان محمداور جشن بہاراں کے فوکل پرسن اے سی عون حیدربھی موجود تھے۔

اُنہوں نے ڈاگ شو بھی دیکھا اور کتے پالنے والوں کی محنت اور شوق کی داد دی۔ جشن بہاروں کے سلسلے میں سپورٹس کمپلکس میں بچوں اور فیملیز کی دلچسپی کا بھی کافی سامان موجود ہے جس میں سرکس ،جھولے ، کھانے پینے کے سٹالز، آرٹ اور فوٹو ایگزبیشن ،کپڑوں اور جوتوں کے سٹالزبھی عوام و خواص کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور شائقین کی ایک بڑی تعداد روزانہ سپورٹس کمپلکس میں تفریح کے ان مواقع سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ جشن بہاراں کے سلسلے میں انتظامیہ اورپولیس نے سیکورٹی کے کافی سخت انتظامات کیے ہیں۔ جشن بہاراں کی اختتامی تقریب 30 مارچ کی شام کو سپورٹس کمپلکس میں ہوگی جس میں مختلف ایونٹس میں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعامات اور شیلڈز دی جائیں گی۔