وزیر محنت راجہ اشفا ق سرور کا چائلڈ لیبر کی چیکنگ کیلئے راجہ جنگ اور کمہاراں والی میں مختلف بھٹہ خشت کا اچانک دورہ

منگل 29 مارچ 2016 17:38

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مارچ۔2016ء)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ صوبہ بھر کے بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں گے،بھٹہ مالکان اور مزدور چائلڈ لیبر خاتمہ مہم میں ساتھ دیں۔14 سال سے کم عمر بچوں کی مشقت کا خاتمہ اورسکولوں میں داخلہ حکومت پنجاب کا ویژن ہے۔چائلڈ لیبر آرڈنینس پر عملدرآمد اوربھٹہ مزدور بچوں کی سکول داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات قصورمیں راجہ جنگ اور کمہاراں والی کے مقام پرچائلڈ لیبر آرڈنینس پر عملدرآمد کی چیکنگ کیلئے اینٹوں کے مختلف بھٹوں کے اچانک معائنے کے موقع پر کہی۔اسسٹنٹ کمشنر قصور شاہ رخ نیازی، ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید ، ڈسڑکٹ لیبر آفیسرقصور محمد ارشد تارڑ اور ضلع انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے رضوان برکس ، تراب برکس اور بابر برکس کے معائنہ کے دوران وہاں چائلڈ لیبر آرڈیننس پر عملدرآمد اور بھٹہ مزدوروں کے 14سال سے کم عمر تمام بچوں کی مقامی سکولوں میں انرولمنٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

معائنے کے دوران کسی بھی بھٹے پر چائلڈ لیبر نہیں پائی گئی۔ انہوں نے بھٹہ مزدوروں کو یقین دلایا کے نادرا پنجاب کے تعاون سے محکمہ لیبر جلد ہی ان کے شناختی کارڈز کے اجراء کے لیے مہم جلد شروع کررہاہے۔ انہوں نے ضلع قصور کی انتظامیہ اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ صرف وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی تشکیل کردہ انسپکشن ٹیمیں ہی بھٹوں کا معائنہ کریں اور نچلی سطح پر پولیس ملازمین بھٹہ مالکان کو بلاوجہ ہراساں نہ کریں ۔

انہوں نے اے سی اور ڈی ایس پی قصور کو ہدایت کی کہ وہ خود باقاعدگی سے بھٹہ خشت کا دور کریں۔ راجہ اشفاق سرور نے بھٹہ مزدوروں ، مالکان، اور منیجر کو تنبیہ کی کہ وہ بھٹوں پر بچوں کو کسی صورت موجود نہ رہنے دیں اور انہیں سکول بھیجیں۔وزیر محنت نے موقع پر موجود بھٹہ مزدور الدین کو یقین دلایاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے خصوصی تعلیمی پیکیج کے تحت نئے تعلیمی سیشن سے ان کے سکول داخل ہونے والے بچوں کو مفت کتابیں، سٹیشنری، یونیفارم ، جوتوں اور وظائف کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔