قومی ہنر میلہ نوجوان نسل کوروزگار کی فراہمی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا،چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ

منگل 29 مارچ 2016 17:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مارچ۔2016ء) چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا ہے کہ دو روزہ قومی ہنر میلہ نوجوان نسل کوروزگار کی فراہمی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ٹیوٹا کے یقینی روزگارکے مشن کو کامیاب بنانے کیلئے مکمل سرپرستی کر رہے ہیں۔میلہ کے انعقاد کا مقصد عوام خصوصا نوجوان نسل میں ہنر مندی کے شعور کو اجاگر کرنا ہے ۔

اس میلہ سے یقینی روزگار کی فراہمی کے حوالے مثبت نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ کاروباری طبقے کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے ٹیوٹا میں زیر تربیت افرادی قوت کے بنائے گئے پراجیکٹس پر خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ٹیوٹا رواں سال 40ہزار نوجوانوں کو ملکی و غیر ملکی کمپنیوں میں روزگار فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں ایکسپو سینٹر میں دوروزہ قومی ہنر میلہ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ قومی ہنر میلہ میں 2ہزار سے زائد زیر تربیت ہنر مند نوجوانوں نے اپنے تیار کردہ پراجیکٹس نمائش کیلئے رکھے ہیں جنہیں کاروباری شخصیات کی طرف سے بہت پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ٹیوٹا نوجوانوں کو ملک کا کارآمد شہری بنا نے کیلئے ہنر سیکھا رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں پرائیویٹ سیکٹر کو موثر کردار ادا کرنا پڑے گاتاکہ روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی او ر خوشحالی آگے بڑھ سکے۔

ٹیوٹاپرائیویٹ سیکٹر کی ضروریات کے مطابق جدید کورسز متعارف کروا چکی ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ باہمی طور پر صوبہ بھر میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیں تاکہ بیروزگاری کے ساتھ ساتھ ملک سے دہشت گردی سمیت تمام سماجی برائیوں کا خاتمہ ہو سکے۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک عام تعلیم کی بجائے فنی تعلیم و تربیت کی اہمیت پر زور دے رہے ہیں کیونکہ ہنر مند ہاتھ کبھی بیروزگار نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج جس طرح اعلی تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیکر دربدر پھر رہے ہیں اگر انکے پاس ہنر ہو تو وہ کبھی بے روزگار نہ رہیں گے۔ ہمیں نوجوانوں کو ملک کا کار آمد شہری بنانے کیلئے فنی تعلیم کی طرف راغب کر نا ہو گا تاکہ وہ شارٹ کورسز میں داخلہ لے کر جلد ہنر سیکھیں اور معاشرے کا ایک مفید شہری بنیں۔ قومی ہنر میلہ کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ نوجوان نسل ہنر مند بنے اور ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔

اس موقع پر ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ، چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی،ڈائریکٹر پنجاب زون نیو ٹیک حاجی محمد ڈوگر ، انجم نثار، سید محمود غزنوی، شاہد حسن شیخ، خواجہ محمد عثمان، احمد شفیق، ظہیر احمد اور دونوں اداروں کے اعلی افسران کے علاوہ ممتاز کاروباری شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :