اعزازی ڈگری کی منظوری یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی جانب سے دی جاتی ہے،ڈاکٹر محمد قیصر

سنڈیکیٹ میں تعلیم و تدریس اور دیگر شعبوں کے اہم لوگ بھی شامل ہوتے ہیں، سردار یسین ملک کو صحت ، تعلیم اور سماجی خدمات کے شعبوں میں مثالی خدمات انجام دینے پر ڈگری دینے کا فیصلہ متفقہ طور پر سنڈیکیٹ میں منظور ہوا،وائس چانسلر جامعہ کراچی

پیر 28 مارچ 2016 22:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ اعزازی ڈگری کی منظوری یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی جانب سے دی جاتی ہے، سنڈیکیٹ میں تعلیم و تدریس اور دیگر شعبوں کے اہم لوگ بھی شامل ہوتے ہیں، سردار یسین ملک کو صحت ، تعلیم اور سماجی خدمات کے شعبوں میں مثالی خدمات انجام دینے پر یہ ڈگری دینے کا فیصلہ متفقہ طور پر سنڈیکیٹ میں منظور ہوا،جامعہ کراچی نے سردار یاسین ملک کو ڈگری دینے میں تاخیرکی جس پر ہم شرمندہ ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ شب کراچی بزنس فورم اینڈ تھنک ٹینک کے صدر راشد احمدصدیقی کی جانب سے سردار یاسین ملک کو پی ایچ ڈی کی کی ڈگری ملنے کی خوشی میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب میں کہی۔اس موقع پر ٹڈاپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر،سینیٹر عبدالحسیب خان،ایف پی سی سی آئی کے سینئرنائب صدر خالدتواب،نائب صدر حنیف گوہر،زبیرایف طفیل،عبدالرحیم جانو،ڈاکٹر مرزااختیار بیگ،فرخ مظہر،مہتاب چاوٴلہ،راشداحمدصدیقی اورعفیف راشد نے بھی خطاب کیا جبکہ برطانیہ،فرانس،رشیا،سوئٹزرلینڈ کے قونصل جنرل،منیرسلطان، کفیل احمدصدیقی،فرحان حنیف،فضل دادا بھائی، صدیق شیخ اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں اسکالرشپ دینے سمیت یسین ملک نے کئی خدمات انجام دی ہیں اور حال ہی میں ایک شخصیت پی ایچ ڈی کرنے چائنا گئے ہیں جنکے تمام اخراجات یاسین ملک نے اٹھائے ہیں، یہ ڈگری ان بیش وبہا خدمات کا اعتراف ہے۔ معروف صنعت کار و تاجر راہنما ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ سردار یسین ملک ہمارا سرمایہ ہیں اور انسانیت کی صبح وشام خدمت میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلاحی کاموں میں عطیات دینے میں دنیا کے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے،ہم سب کو اپنے حصے کی زکواٰة دینی چاہیئے کیونکہ اس سے کاروبار میں برکت ہوتی ہے۔ِِِِِِِِسابق صوبائی وزیر،سابق چیئرمین پی ایس او، چیئرمین ہلٹن فار ما سردار یاسین ملک نے کہا ہے کہ میں جو بھی کام کررہا ہوں وہ صرف اللہ کی رجا کیلئے ہے،ہم زکواٰة صرف اللہ کی رضاکیلئے دیتے ہیں اصل بات تویہ ہے کہ زکواٰة کے علاوہ غیب انسانیت پر خرچ کیا جائے اس سے اللہخوش ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں صرف2روپے ماہانہ پر ٹیوش پڑھایا کرتا تھا اور انتہائی مشکل وقت گزارہ ہے،میں اپنے تمام بائیوگرافی ایک کتاب کی شکل میں تحریر کی ہے اور اس کتاب کا نام بھی دوروپے رکھا ہے۔سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے ہیرے کو درست پہچانا ہے،یاسین ملک بہترین بزنس مین اور ایک عظیم سماجی شخصیت ہیں،میں نے ان سے بہتر انسان نہیں دیکھا کیونکہ وہ اپنے سے نیچے والے انسانوں کو دیکھتے اور انکے مسائل حل کرتے ہیں۔

زبیرطفیل نے کہا کہ ایس ایم منیر اور سردار یاسین ملک دکھی انسانوں کی جو خدمت کررہے ہیں اس سے دوسروں میں بھی فلاحی کاموں کا جذبہ پیدا ہورہا ہے۔ کراچی بزنس فورم اینڈ تھنک ٹینک کے صدر راشد صدیقی نے سردار یسین ملک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت بزنس کمیونٹی کے لیے رول ماڈل کا درجہ رکھتی ہے،معاشرے میں اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ اصلاح کے پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے،سوشل ورک کرنے والے ہرفرد کو ہمیں اپنی آنکھوں پر بیٹھانا چاہیئے کیونکہ وہ جو بھی کام کرتے ہیں ان سے برائیوں کا خاتمہ ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :