اسلام آباد ہائی کورٹ نے رشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے خلاف درخواست کی سماعت ملتوی کردی ، مشرف کے وکیل کو سپریم کورٹ کا حکمنامہ جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

پیر 28 مارچ 2016 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے خلاف درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل کو سپریم کورٹ کا حکم جمع کرانے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی ۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں وارنٹ گرفتاری کے اجراء کے خلاف ملزم پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ نہیں ملا ، سپریم کورٹ کی جانب سے تفصیلی حکم نامہ جاری ہونے پر عدالت میں جمع کروا دیا جائے گا۔ اس موقع پر لال مسجد کے وکیل نے دلائل دینے کی کوشش کی تو عدالت نے کہا کہ ابھی آپ کو نوٹس نہیں ہوا۔ فاضل جسٹس نے پرویز مشرف کے وکیل کو سپریم کورٹ کا فیصلہ داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔