اسلام آباد ہائی کورٹ نے دھرنوں کے دوران معطل ہونیوالے آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی ترقی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ،دو ہفتوں میں پروفارما پروموشن دینے کا حکم

پیر 28 مارچ 2016 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے دھرنوں کے دوران احکامات نہ ماننے پر معطل کئے جانے والے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی ترقی کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں دو ہفتوں میں پروفارما پروموشن دینے کا حکم جاری کردیا۔ پیر کواسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق آئی جی اسلام آباد کی جانب سے ترقی روکنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دھرنوں کے دوران احکامات نہ ماننے پر معطل کر کے انکوائری شروع ہوئی جس کے باعث گریڈ 20سے 21میں ترقی بھی روک دی گئی مگر انکوائری رپورٹ میں انہیں تمام الزامات سے بری کئے جانے کے باوجود اب ترقی نہیں دی جا رہی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم کنڈی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ سی ایس پی افسران کی ترقی کا معاملہ پہلے ہی دو رکنی بنچ کے پاس زیر سماعت ہے۔ انٹراکورٹ اپیل پر سماعت مکمل ہونے پر اس معاملے کو ایک ساتھ دیکھا جائے گا۔ صرف ایک پروموشن کو زیر غور لانے کے لئے سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس نہیں بلوایا جا سکتا۔ انٹراکورٹ اپیل کا فیصلہ آنے پر سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس بلوایا جائے گا۔ اس پر فاضل عدالت نے درخواست گزار کو پروفارما پروموشن دینے کا حکم جاری کر دیا۔