لاہور دہشتگردی ،وزیراعظم نے امریکہ کا دورہ منسوخ کر دیا

نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ میں پاکستانی وفد وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی قیادت میں شرکت کریگا پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ کے عمل میں فعال انداز میں شریک رہا ہے، جوہری پروگرام کے تحفظ کیلئے انتہائی مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ساتھ ساتھ کئی سطحوں پر مشتمل حفاظتی نظام اختیار کر رکھا ہے ،دفتر خارجہ

پیر 28 مارچ 2016 22:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے لاہور میں دہشتگردی کے واقعے میں متعدد افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے بعد امریکہ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے ،واشنگٹن میں ہونیوالی نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ میں پاکستانی وفد وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی قیادت میں شرکت کریگا ۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں پیش آنیوالے دہشتگردی کے واقعہ کے بعد وزیراعظم نے امریکہ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے وزیراعظم نے اپنا پورا دن لاہور میں سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت میں گزارا ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی اور مکمل حمایت کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وحشیانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کا حکومتی عزم مزید پختہ ہوتا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق واشنگٹن میں ہونیوالی نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ میں پاکستانی وفد وزیراعظم کے خصوصی معاون سید طارق فاطمی کی قیادت میں شرکت کریگا۔

بیان کے مطابق پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ کے عمل میں فعال انداز میں شریک رہا ہے اور پاکستان نے اپنے جوہری پروگرام کے تحفظ کیلئے انتہائی مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ساتھ ساتھ کئی سطحوں پر مشتمل حفاظتی نظام اختیار کر رکھا ہے پاکستان ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی سے مکمل تعاون کرتا ہے۔