ایم کیوایم کے یوم تاسیس کے اجتماع میں پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر 20صوبے قائم کرنے کی قراردادکی منظوری

پیر 28 مارچ 2016 22:22

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) ایم کیوایم برطانیہ کے زیراہتمام ہفتہ کی شب لندن میں ہونے والے ایم کیوایم کے 32ویں یوم تاسیس کے اجتماع میں رابطہ کمیٹی کے کنوینرندیم نصرت نے پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر 20صوبے قائم کرنے کی قرارداد پیش کی۔اجتماع میں موجود تمام حاظرین نے ہاتھ اٹھاکراس قراردادکی بھرپورتائیدکی ۔

ندیم نصرت نے کہاکہ حدیث نبوی ہے کہ جب آبادی بڑھنے لگے تونئے نئے شہرآبادکرو، پاکستان کی آبادی بھی اب 20کروڑسے بڑھ چکی ہے لہٰذا اب ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر 20صوبے قائم کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی اتنابڑاشہرہے ،اسے خودایک انتظامی یونٹ ہوناچاہیے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہم صرف کراچی کوہی انتظامی یونٹ یاصوبہ بنانے کی بات نہیں کرتے بلکہ پورے ملک میں عوام صوبوں کے قیام کا مطالبہ کررہے ہیں، ہزارے وال، بہاولپور، پوٹھوہار اوردیگرعلاقوں کے عوام بھی صوبے کامطالبہ کررہے ہیں ارباب اختیارکوان مطالبات پر توجہ دینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم یہ نہیں کہتے کہ کراچی کے لوگوں کوپنجاب یاخیبرپختونخوا کی پولیس وانتظامیہ میں بھرتی کیاجائے ،ہماراکہنایہ ہے کہ کراچی کی پولیس میں کراچی کے لوگوں کو بھرتی کیاجائے ۔کراچی کوماس ٹرانزٹ کی ضرورت ہے۔