انسانی زندگی ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے، حالات مشکل ہوں یا آسان زندگی کی حقیقت کو سمجھ کر قبول کرنا چاہئے ، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

پیر 28 مارچ 2016 22:12

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ انسانی زندگی ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے۔ حالات مشکل ہوں یا آسان ہمیں زندگی کی حقیقت کو سمجھ کر قبول کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کی نامعلوم سمتوں اور ان دیکھی راہوں میں اپنا راستہ تلاش کرنے کا جذبہ ہی ہمیں کامیابی اور سرخروئی کی جانب لے جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں چیئرمین یونین کونسل ضلع پشین محمد دین رودوال کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ انسانی زندگی میں نشیب وفراز آتے رہتے ہیں مگر گھٹن حالات میں گھبرا کر بیٹھ جانے، مشکلات میں جدوجہد ترک کرنے اور زندگی سے فرار اختیار رکرنے کی بجائے ہمیں حوصلہ وہمت سے ہرقسم کی مشکلات کا سامنا کرنا اور حالات کو اپنے قابو میں رکھنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمت اور خود دار لوگ اپنی غلطیوں اور ناکامیوں کی روشنی میں سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کے لئے کاوشیں کرتے رہتے ہیں اور اپنی اجتماعی وقومی منزل مقصود پا کر ہی دم لیتے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ اپنے مفلوک الحال اور محروم طبقات کی زندگی کو بہتر بنانے کی ذمہ داری تمام صاحب فکر اور صاحب اختیار لوگوں پر عائد ہوتی ہے کہ ہمیں اپنے ذاتی مفادات، قبیلوی گروہی سے بالاتر ہوکر اجتماعی اور قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر قسم کی سستی اور کاہلی کے سوچ کے انداز سے باہر نکلنا ہوگا کیونکہ معاشرے کی ترقی اور قوم کے بہتر مستقبل کے لئے ہر شخص کوا پنے حصہ کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وفد نے گورنے کو اپنے علاقے کے مسائل ومشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رود ملازئی میں چار بوائز ہائی اسکول ور دوگرلز ہائی اسکول ہونے کے باوجود کوئی کالج نہیں ہے جس کی وجہ سے علاقے کے طلباء وطالبات تعلیم کے زیور سے محروم ہوجاتے ہیں۔

وفد نے گورنر کو علاقے کے مرکز صحت کی غیرفعالی، ٹیلی فون سہولت کی عدم دستیابی اور نئے ڈیمز کی تعمیر کی ضرورت سے بھی آگاہ کیا۔ گورنر نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی مذکورہ علاقے کے لئے اسکیمیں دی ہیں اور آئندہ بھی جس حد تک ممکن ہوا اولسی مسائل ومشکلات حل کرنے کے لئے اقدامات کرتے رہیں گے۔ بعد ازاں ضلع قلعہ عبداﷲ تحصیل گلستان میزئی اڈہ کے ملک لالہ جان کی قیادت میں بھی ایک وفد نے گورنر بلوچستان سے علیحدہ ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :