وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیر داخلہ کا جناح ہسپتال کا دورہ ،زخمیوں کی عیادت

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ہمارے بچوں، بہنوں، ماؤں اوربیٹیوں کو مارنیوالے سفاک درندوں سے بدلہ ضرور لیا جائیگا،سانحہ گلشن اقبال پارک کے سہولت کاروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائینگے‘وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف

پیر 28 مارچ 2016 21:38

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اوروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور سانحہ گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم،وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیر داخلہ مختلف وارڈز میں گئے اورسانحہ گلشن اقبال پارک کے جناح ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اورانہیں دی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم،وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیر داخلہ فرداً فرداً زخمیوں کے پاس گئے اوران کی خیریت دریافت کی اورگزشتہ روزپیش آنے والے المناک سانحہ کی تفصیلات بھی معلوم کیں۔ اس موقع پروزیراعظم اوروزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،اس المناک واقعہ نے ہر پاکستانی کو رنجیدہ اورہر آنکھ کو اشکبار کیا ہے ۔

قوم جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ہمارے بچوں، بہنوں، ماؤں اوربیٹیوں کو مارا ہے اس کا بدلہ ضرور لیا جائے گااورجب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ گلشن اقبال پارک کا افسوسناک واقعہ بہت بڑا سانحہ ہے جس میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خون کا آخری قطرہ بہا دوں گااورمعصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک درندوں کوکسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کے سہولت کاروں کو جلد سے جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اوریہ سفاک درندے بدترین انجام سے دوچار ہوں گے۔دریں اثناء وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شرکت کی ۔اجلاس میں سانحہ گلشن اقبال پارک کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔