Live Updates

پیپلزپارٹی ،غریبوں ،مزدروں اور کسانوں کی دشمن ہے، سندھ بھر میں تحریک انصاف کی جانب سے رکنیت سازی کامیابی سے جاری ہے، سندھ میں کاروان ِانصاف بس کے بعد ـ"انصاف ریل ریلی" کی کامیابی عظیم کارنامہ ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کی حلیم عادل شیخ اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو

پیر 28 مارچ 2016 21:27

ملتان/کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ،غریبوں ،مزدروں اور کسانوں کی دشمن ہے، ہم سندھ کی عوام کو ان نام نہاد حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے،تحریک انصاف کی اس سلسلے میں رکن سازی اور عوامی رابطہ مہم کامیابی سے جاری ہے , پی ٹی آئی اپنے قائدعمران خان کی قیادت میں تیزی سے ملک کی ترقی کی جانب گامزن ہے، سندھ کی ترقی وہاں پر موجود کرپٹ حکمرانوں کے خاتمے سے ہی ممکن ہے ، اور ہم ایسے حکمرانوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ،سندھ بھر میں پیپلزپارٹی نے نظریات کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے کرپشن اورلوٹ کھسوٹ کی سیاست پیپلزپارٹی کا وطیرہ بن چکاہے سندھ میں اس وقت عام آدمی کا استحصال کیا جارہاہے ،۔

(جاری ہے)

سندھ میں حلیم عادل شیخ پارٹی کے لیے اچھا کام کررہے ہیں انصاف ایکسپریس بس کی کامیابی کے بعد ان کی جانب سے انصاف ریل ریلی کو کامیابی دلا نا ایک عظیم کارنامہ ہے جسے پارٹی کی قیادت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں اپنی رہائش گاہ پرحلیم عادل شیخ سمیت سندھ کی دیگر قیادت سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر مخدوم شاہ ذین قریشی،جے پرکاش یکرانی ،میربرکات تالپور موجود تھے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ اولیا کرام کی دھرتی ہے مگر اس دھرتی پر سالہاسال سے سیاست کرنے والوں نے اس سے کبھی وفا نہیں کی ہے سندھ کی اقتدار پر براجمان موجود سیاسی جماعتیں اس قابل نہیں ہے کہ ان کو آئندہ انتخابات میں ووٹ دیا جاسکے ان جماعتوں کے دہشت گردوں سے تعلقات ہیں ۔ انہوں نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر اپنے بیان میں کہا ہے اس وقت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے مگر لگتا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرنے کے چکر میں وہ اس معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات