لاہور خود کش بم دھماکے میں جابحق نوجوان کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ،والدین پر غشی کے دورے، علاقے کی فضاسو گوار

پیر 28 مارچ 2016 21:25

خانیوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء ) گلشن اقبال پارک لاہور خود کش بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 22سالہ نوجوان کی نعش ان کے گھر پہنچا دی گئی گھر میں کہرام مچ گیا والدین پر غشی کے دورے، علاقے کی فضاء سو گوار ،تفصیلات کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقے چک نمبر169/10Rکا رہائشی 22سالہ محمد کاشف ولد نذیر لاہور میں مزدوری کرتا تھا عرصہ دو ماہ قبل یہ مزدوری کرنے کے لیے لاہور گیا تھا اتوار والے دن چھٹی ہونے کے باعث یہ سیروتفریح کے لیے گلشن اقبال پارک میں گیا اور وہاں پر ہونے والے خود کش دھماکے میں موقع پر ہی جا بحق ہو گیا محمد کاشف کی نعش کو پولیس نے ان کے آبائی گاؤں چک نمبر169/10Rمیں پہنچایا نعش پہنچتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا والدین پر غشی کے دورے علاقے کی ہر آنکھ اشکبار ہو گئی محمد کاشف تین بھائیوں اور دو بہنوں میں سب سے چھوٹا تھا چھوٹا ہونے کی وجہ سے وہ گھر میں سب سے لاڈلا تھا محمد کاشف کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعدمتوفی کو آبائی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :