ریڈ زون میں دھرنا،وزیرداخلہ قائم مقام آئی جی اسلام آباد پر برس پڑے

حساس اداروں نے آئی جی کوچہلم کی آڑ میں احتجاجی مظاہرین کے ڈی چوک میں داخل ہونے کے متعلق آگاہ کیا ،سیکورٹی کے فول پروف انتظامات نہ کیے جاسکے وزیراعظم کا چوہدری نثار پر برہمی کا اظہار،وزیرداخلہ نے ذمہ دار قائم مقام آئی جی اسلام آباد کو ٹھہرادیا، جلد ہی اضافی ذمہ داریاں واپس لیے جانے کا امکان

پیر 28 مارچ 2016 21:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کے ریڈ زون تک پہنچنے کا ذمہ داراقائم مقام آئی جی اسلام آباد پولیس خالد خان خٹک کو ٹھہراتے ہوئے ان پر پر برس پڑے ۔آن لائن کو ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق قائم مقام آئی جی اسلام آباد پولیس خالد خان خٹک کو حساس اداروں کی جانب سے قبل ازوقت ممتاز قادری کے چہلم کی آڑ میں احتجاجی مظاہرین کے ڈی چوک میں داخل ہونے والے کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا جس کے باوجود وفاقی دارالحکومت میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات نہ کیے جاسکے ہیں سیکورٹی فورسز کے پانچ ہزار اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود احتجاجی مظاہرین کی جانب سے سرکاری وغیر سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ اور ڈی جی چوک میں دھرنے کو نہ روکاجاسکاہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریفنے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان پر وفاقی پولیس ناقص حکمت عملی پر برہمی کا اظہار بھی کیاگیاہے جس کے بعد وفاقی وزیرداخلہ نے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے ریڈ زون میں ہزاروں کی تعداد میں احتجاجی مظاہرین کی آمد اور توڑ پھوڑ کا ذمہ دار قائم مقام آئی جی اسلام آباد پولیس کو ٹھہرایاہے اور جلد ہی ان سے اضافی ذمہ داریاں واپس لیے جانے کا امکان ہے ۔

واضح رہے کہ مذہبی مظاہرین کی جانب سے اسلام آباد میں داخلے پر وفاقی پولیس نے تمام ناکوں اور چیک پوسٹوں کو خالی چھوڑ دیاتھا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مظاہرین نے شدید توڑ پھوڑ کی اور املاک کوکروڑوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایاہے جس کا ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی جانب سے اندازہ لگایاجارہاہے ۔ابتدائی طورپر ملنے والی معلومات کے مطابق مظاہرین نے چار کنٹینرز ،گاڑیوں سمیت متعدد مقامات پر آگ لگائی تھی جبکہ اس دوران میڑو بس کے جناح ایونیو میں موجود اسٹینشز کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔