پنجاب آپریشن، سول وعسکری قیادت میں ہم آہنگی کا فقدان سامنے آگیا

سانحہ لاہور کے بعد عسکری قیادت کاآپریشن شروع کرنے کا اعلان ، ماینٹرنگ کا اختیار فوجی افسران،کور کمانڈروں کو سپرد کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب آپریشن کی نگرانی اور رپورٹ حاصل کرنیکا اختیار صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے سپرد کر دیا گیا

پیر 28 مارچ 2016 21:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) پنجاب میں دہشتگردوں اور اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کیخلاف شروع کیے گئے فوجی آپریشن میں سول اور عسکری قیادت ہم آہنگی کا شدید فقدان کھل کر سامنے آگیا ہے۔ نواز شریف حکومت پنجاب میں قومی خزانہ لوٹنے، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف آپریشن شروع کرنے میں مسلسل لیت ولعل سے کام لے رہی تھی تاہم عسکری قیادت نے ملک سے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کاعزم کررکھا ہے سانحہ لاہور کے بعد عسکری قیادت نے آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا اور آپریشن کی ماینٹرنگ کرنے کا اختیار بھی فوجی افسران اور کور کمانڈروں کو سپرد کرنے کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم کی زیر صدارت لاہور میں ہونیوالے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پنجاب میں آپریشن کی نگرانی اور رپورٹ حاصل کرنے کا اختیار صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ اور نواز شریف پر پہلے ہی کرپشن کے الزامات موجود ہیں۔ علاوہ ازیں ملک میں آج تک جتنے آپریشن شروع کیے گئے ہیں ان کا باضابطہ اعلان حکومت یا پارلیمنٹ میں کیا گیا تھا جبکہ پنجاب میں جاری آپریشن کا باضابطہ ا علان عسکری ترجمان نے کیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ شریف برادران جن پر اربوں روپے کرپشن کی تحقیقات بھی ہورہی ہیں پنجاب میں آپریشن شروع کرنے کیخلاف تھے لیکن فوج نے آپریشن شروع کرنے کا عزم کررکھا ہے پاکستان کے ہر دلعزیز فوجی سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے قوم سے وعدہ کررکھا ہے کہ وہ ملک سے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرکے دم لینگے اپنے اس عزم کو پورا کرنے کیلئے جنرل راحیل شریف نے اب پنجاب میں آپریشن شروع کیا ہے اس پر شریف برادران پریشان نظر آتے ہیں۔

عسکری قیادت اور شریف برادران کے مابین پنجاب آپریشن کے آغاز اور آپریشن کے ایس او پی پر اختلاف سے متعدد سوالات جنم لے رہے ہیں۔ اس تمام تر صورتحال میں بعض سیاسی رہنماؤں کا خیال ہے کہ مارچ اور اپریل کے مہینے نواز حکومت کے لئے مشکل ثابت ہونگے۔