وزیر اقلیتی امو پنجاب کی گلشن اقبال پارک دھماکے کی شدید مذمت

پارک میں معصوم بچوں،خواتین اور لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، خلیل طاہر سندھو

پیر 28 مارچ 2016 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء ) وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب خلیل طاہر سندھو نے گلشن اقبال پارک میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ صوبائی وزیر نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے - انہو ں نے کہا کہ پارک میں معصوم بچوں، خواتین اور لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

(جاری ہے)

ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ جن سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے ہیں، وہ اور ان کے سہولت کار عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔