سانحہ گلشن اقبال پارک ، سپریم کورٹ بار ، ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کا (کل مشترکہ ریلی نکالنے کا اعلان

ملک بھر کے وکلاء ،ساری قوم سوگوار ہے،ہم مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے ،دہشت گردی کا متحد ہو کر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، ہمیں نفرت اور گردہ بندی کو دل سے نکال کر متحد ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا‘ جنرل ہاؤس کے اجلاس سے وکلاء عہدیداروں کا خطاب

پیر 28 مارچ 2016 20:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل ہاؤس کے اجلاس میں سانحہ گلشن اقبال پارک کے سوگ، شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے ( منگل ) بوقت 11:00 بجے دن ایوان عدل تا چیئرنگ کراس مشترکہ ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا ۔

گزشتہ روز سانحہ گلشن اقبال پارک کے سوگ میں جنرل ہاؤس کا اجلاس رانا ضیاء عبدالرحمن صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیرسٹر علی ظفر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ، نور عالم خان چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی خیبر پختونخواہ بار کونسل ، سردار طاہر شہباز خاں نائب صدرلاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، اسد منظور بٹ سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، محمد انس غازی سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور سید اسد بخاری فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہورکے علاوہ وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

محمد انس غازی سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحہ لاہور کو انتہائی دل سوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے وکلاء اور ساری قوم سوگوار ہے۔ دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ ایک سال پہلے آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردوں نے درجنوں معصوم بچے شہید کئے۔ مورخہ 27-03-2016کو والدین اپنے معصوم بچوں کے ہاتھ پکڑ کر ان کا دل بہلانے اور سیر و تفریح کیلئے گلشن اقبال پارک لے کر گئے اور ظالم، مکار، درندہ صفت حیوان کی بربریت کا شکار ہوگئے۔

انہوں نے کہا حکمران طبقہ کی گاڑیاں اور گھر بم پروف ہیں وہ بے شمار گاڑیوں کے کانوائے میں سفر کرتے ہیں ۔ ان کے بچے بیرون ملک مقیم ہیں ۔ انہیں عوام کے جان و مال اور انکے بچوں کی حفاظت سے کوئی سروکار نہیں وہ صرف عوام پر حکمرانی کرنے آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ سانحہ لاہور کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہم مزید ظلم برداشت نہیں کریں گے اور ملک بھر کے دکلاء دہشت گردی کا متحد ہو کر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اجلاس سے نور عالم خان چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی خیبر پختونخواہ بار کونسل ، اعظم نذیر تارڑ ممبر پاکستان بار کونسل سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل و سابق سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، حفیظ الرحمن چوہدری ممبر پاکستان بار کونسل و سابق نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن،بیرسٹر علی ظفر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ،عاصمہ جہانگیر سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ، حافظ عبدالرحمن انصاری سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، احمد اویس سابق صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ ذوالقرنین سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحہ لاہور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔

ہمیں مکار دشمن کا سامنا ہے جو گوریلا جنگ لڑ رہا ہے ۔ ہمیں اپنی حفاظت کے انتظامات مضبوط کرنے کے علاوہ رب ذوالجلال کے حضور معافی مانگنی چاہئے کہ اﷲ تعالیٰ ہمیں دہشت گردی کی عفریت سے نجات عطاء فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ پنجاب نے تفریحی مقامات پر دہشت گردی کی پہلے سے اطلاع کا اعتراف کیا جس سے حکومت پنجاب کی نا اہلی اور امن و امان کے قیام میں غفلت کا اظہار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا ہمیں ذہنوں اور دلوں سے نفرت، دھڑے بندی اور گردہ بندی کو نکال کر متحد ہو کر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے جس کیلئے حکومت کو واضح پالیسی اور مربوط لائحہ عمل سے آگاہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو خون کی سخت ضرورت ہے لہٰذا ہمیں خون عطیہ کرنا چاہئے۔ کراچی کی طرح پنجاب میں بھی آپریشن کلین اپ کیلئے رینجرز ناگریز ہو چکی ہے۔

دہشت گردی کے مقابلہ کیلئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔ رانا ضیاء عبدالرحمن صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے اس دلخراش اور اندوہناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ملک خطرے میں ہے اسکی حفاظت کیلئے اب وقت آ گیا ہے کہ وکلاء برادری اپنا کلیدی رول ادا کرے۔ ارباب اقتدار کو اپنی کرسی عزیز ہے وہ ہمیشہ بے حسی کا شکار رہے انہیں عوام کی حفاظت سے کوئی سرورکار نہیں۔

محمد انس غازی سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے مندرجہ ذیل قرارداد ہاؤس کے سامنے پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے سوگ، شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن مورخہ 29-03-2016 بروز منگل بوقت 11:00 بجے دن ایوان عدل تا چیئرنگ کراس مشترکہ ریلی نکالیں گی۔شہدائے سانحہ لاہور کے بلندی درجات ، زخمیوں کی جلد صحت یابی ، آصف رانجھا ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور مرزا عامر ایڈووکیٹ کی والدہ کے ارواح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔