سانحہ گلشن اقبال پارک: معصوم لوگوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،چوہدری ندیم عباس ربیرہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 28 مارچ 2016 19:49

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 28 مارچ۔2015ء) ممبر قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ نے کہا ہے کہ سانحہ گلشن اقبال پارک لاہور میں شہید ہونے والے معصوم لوگوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں دہشت گرد اپنی انسان دشمن کاروائیوں سے ہمارے اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اس سانحہ سے ہمارے دل غمگین ہیں لیکن ہمارے حوصلے اور عزم بلند ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال پارک لاہور میں ہونیو الے بم دھماکہ میں شہید ہونے والے محمد وسیم ولد محمد سلیم کی چک بگیانہ بی بی پور نماز جنازہ میں شرکت کے بعد لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد ریاض ،اسسٹنٹ کمشنر چوہدری طاہر امین ،ایس پی انویسٹی گیشن امیر سعود مگسی و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم محمد وسیم کے غم زدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک دہشت گرد وں کو ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا پوری قوم دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے اور ہم ان کی بزدلانہ کاروائیو ں کے سامنے سیسہ پلائی کی دیوار ثابت ہوں گے ۔

علاوہ ازیں سانحہ گلشن اقبال پار ک میں جاں بحق ہونے والے زاہد اقبال ولد محمد حفیظ جو کہ محلہ زاہد پورہ حجرہ شاہ مقیم کا رہائشی تھا ایمان فاطمہ دختر نصیر احمد ،شبیر احمد ولد محمد شریف ،ظہور احمد ولد مہنگا کمبوہ ،عبد الستار ولد عبدالغفور ،روبینہ بی بی زوجہ عبد الستار کی نماز جنازہ جھگیاں مروٹ حجرہ شاہ مقیم اٹاری روڈ پر ادا کی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر امتیاز احمد کھچی نے ضلعی انتظامیہ کی نمائندگی کی۔

متعلقہ عنوان :