دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف سخت ایکشن ناگزیر ہے ،مشتاق احمد غنی

خیبر پختونخوا کے عوام لاہور دھماکہ کے متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں،ترجمان خیبرپختونخوا حکومت

پیر 28 مارچ 2016 19:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم اور صوبائی حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی نے صوبہ پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں دہشتگردی کی گھناؤنی واردات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام اورصوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے،جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

یہاں سے جاری ایک بیان میں معاون خصوصی اطلاعات نے دہشتگردی کی گھناؤنی واردات کے نتیجہ میں بیگناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اپنے دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ افراد کا ناحق خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے اور یہ انسانیت کے دشمن ہیں، دہشتگردی کی جنگ میں ہر شعبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورا ملک اس وقت دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کا بہت نقصان ہوا ہے ۔ مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے زیادہ ان کے سہولت کا ر خطرناک ہیں کیوں کہ یہ وہ لوگ ہیں جو دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں اور بزدلانہ کارروائی میں ان کی معاونت کرتے ہیں۔ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو منظر عام پر لا کر ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور وہ اب بوکھلا کر سافٹ ٹارگٹ چن رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :