Live Updates

نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام صوبوں میں دہشت گردوں کا تعاقب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے،عمران خان

پولیس کو غیر سیاسی بنایا جائے،حکومت کو اپنی ترجیحات درست کرنے کی ضرورت ہے، جناح اسپتال میں لاہور بم دھماکے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 28 مارچ 2016 18:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام صوبوں میں دہشت گردوں کا تعاقب کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پولیس کو غیر سیاسی بنایا جائے،حکومت کو اپنی ترجیحات درست کرنے کی ضرورت ہے۔ پیر کے روز لاہور میں جناح اسپتال میں لاہور بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔

آرمی پبلک سکول کے بعد لاہور میں بھی بچوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنا قابل مذمت ہے۔ دہشت گردی کی کارروائیاں نبی اکرم کے پیغام کے منافی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت تمام صوبوں میں آپریشن شروع کیا جائے دہشت گرد جس صوبے میں بھی ہیں انکو ڈھونڈ کر نکالا جائے اور منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کو سیاسی فائدے کے لئے استعمال نہ کیا جائے۔ پولیس کو سیاسی کارروائیوں اور انتقامی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ حکومت پولیس کو غیر سیاسی بنائے۔ جب ہم پولیس کو اعلیٰ شخصیات کی سیکیورٹی پر لگا دیں گے تو پھر مشکل حالات میں ہمیں رینجر کو بلانا پڑتا ہے۔ اگر ہم پولیس کو ان کاموں میں کم الجھائیں گے تو ہی پولیس اپنا اصل کام کر پائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات