صوبہ بھر میں پی ڈی ایم اے کے تمام وئیر ہاؤسز میں ذخیرہ اشیاء خوردو نوش کے معائنہ ،کوالٹی کی جانچ پڑتال کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل

پرو کیورمنٹ آفیسر کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کے ممبران میں محکمہ خوراک،ضلعی حکومت اورپی ڈی ایم اے کے نمائندہ افسر ہونگے‘جواد اکرم

پیر 28 مارچ 2016 17:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء)فلڈ کیبنٹ کمیٹی کی ہدایت صوبہ بھر میں پی ڈی ایم اے کے تمام وئیر ہاؤسز میں ذخیرہ اشیاء خوردو نوش کے معائنہ اور کوالٹی کی جانچ پڑتال کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو اپنی رپور ٹ حکومت کو پیش کرے گی۔پرو کیورمنٹ آفیسر کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کے ممبران میں محکمہ خوراک،ضلعی حکومت اورپی ڈی ایم اے کے نمائندہ افسر ہونگے۔

اس امر کا اظہارپی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے وئیر ہاؤسز میں اشیاء خوراک و اشیاء ضروریہ کے ذخیرہ سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈائریکٹر آپریشن محمد سجاد،پروکیورمنٹ آفیسرظفر حیدر شمسی کے علاوہ محکمہ خوراک کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبہ بھر میں واقع تمام وئیر ہاؤسز میں چیکنگ کا عمل باقاعدگی سے کیا جاتا ہے مگر احتیاطی طور پرخوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں اسی بنا پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اشیاء خورد و نوش معیار کی چیکنگ خصوصی طور پر کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام وئیر ہاؤسز میں ہر قسم کی اشیاء کاذخیرہ اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متاثرین کو فوری طور پر امدادی اشیاء فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور مظفر گڑھ کے بڑے وئیر ہاؤسز میں بھی ہر قسم کی اشیا ء خورد و نوش و ضروریہ کا ذخیرہ مکمل کر لیا گیا ہے۔