مختلف مذاہب اور مسالک کے قائدین کی سانحہ گلشن اقبال پارک کی بھر پور مذمت

پیر 28 مارچ 2016 16:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) مختلف مذاہب اور مسالک کے قائدین نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کیلئے مکمل طور پر یکجہتی اورمتحد ہوکر دہشتگری انتہاپسندی کیخلاف جدوجہد کرنے اور افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں سے مکمل تعاون کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان علماء کونسل کی طرف سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ عزرایا ،پادری عمانویل کھوکھر،سکھ کمیونٹی کے سردار بشن سنگھ ،ہندو کونسل کے ڈاکٹر رمیش کمار،جمعیت علماء امامیہ کے علامہ غلام اکبر ساقی،شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی ،جمعیت علماء پاکستان کے مولانا سردار محمد خان لغاری،سنی اتحاد کونسل سواد اعظم کے پیر محفوظ مشہدی،جمعیت علماء اہلحدیث کے قاضی عبد القدیر خاموش ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا یوسف انور،وفاق المساجد پاکستان کے مولانا ایوب صفدر،پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہدمحمود قاسمی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں سانحہ گلشن اقبال پارک کو قومی سلامتی پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم انتہاپسندی ،دہشتگردی کیخلاف متحد ہوکر جدوجہد کرے گی۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم انتہاپسندی اور دہشتگردی کے سامنے سرنگوں نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں گلشن اقبال پارک میں بلاتفریق مذہب ومسلک پاکستانیوں کو نشانہ بنایا ہے لہٰذا سب پاکستانیوں کو متحد ہوکر ان دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ان قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ سانحہ گلشن اقبال کی مکمل تحقیقات قوم کے سامنے لائی جائیں ۔مشترکہ بیان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کیلئے دعائے صحت کی اپیل کی گئی۔

متعلقہ عنوان :