لاہور دھماکے ،آرمی چیف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں سیکیورٹی ایجنسیز نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا

پیر 28 مارچ 2016 15:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) لاہور دھماکے کے بعد آرمی چیف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں سیکیورٹی ایجنسیز نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں پانچ آپریشنز کے دوران متعدد دہشت گرد اور ان کے سہولت کار گرفتار کر لئے گئے۔ اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کے سیکیورٹی اجلاس میں لاہور دھماکے کے بعد پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ انٹلیجنس ایجنسیوں نے فوج اور رینجرز کے ساتھ مل کر لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں دہشت گردوں کیخلاف گزشتہ رات سے لیکر پیر تک پانچ آپریشن کئے ، مزید معلومات کی روشنی میں آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ آپریشنز کے دوران سیکیوٹی ایجنسیز نے متعدد دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی بڑی مقدار میں برآمد کئے گئے ہیں۔