پاک فوج کاسانحہ گلشن اقبال پارک کے تناظر میں لاہور‘ فیصل آباد اور ملتان میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کئے آپریشن

متعدد دہشتگرد گرفتار ‘بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا

پیر 28 مارچ 2016 14:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مارچ۔2016ء) پاک فوج نے سانحہ گلشن اقبال پارک لاہور کے تناظر میں لاہور‘ فیصل آباد اور ملتان میں انٹیلی جنس اطلاعات پر کئے گئے آپریشن میں متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ”آئی ایس پی آر“ کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گزشتہ روز گلشن اقبال پارک میں دھماکے کی تفتیش میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز خودکش دھماکے کے بعد سے اب تک انٹیلی جنس ایجنسیوں ‘ پاک فوج اور رینجرز نے فیصل آباد‘ ملتان اور لاہور میں پانچ آپریشنز کئے جن میں مشتبہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور اب تک کی معلومات کی روشنی میں آپریشن کی آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔