عالمی میڈیا کا لاہور میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی پر شدید غم اور غصے کا اظہار

برسلز دھماکوں جیسا رد عمل لاہور کیلئے کیوں نہیں ؟ دنیا کی عمارتیں پاکستانی پرچم میں کیوں نہیں رنگی گئیں ؟ رشین ٹو ڈے دہشتگردوں نے پکنک مناتی فیملیز کے خوشگوار لمحات کو دکھ اور تکلیف میں بدل دیا ‘ واشنگٹن پوسٹ

پیر 28 مارچ 2016 14:17

اسلام آباد /واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مارچ۔2016ء) عالمی میڈیا نے لاہور میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی پر شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردوں نے پکنک مناتی فیملیز کے خوشگوار لمحات کو دکھ اور تکلیف میں بدل دیا ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی میڈیا نے لاہور میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی پر شدید غم اور غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دھماکے نے ہنستے بستے چہروں سے خوشیاں چھین لیں ۔

(جاری ہے)

واشنگٹن پوسٹ نے لکھا کہ دہشت گردوں نے پکنک مناتی فیملیز کے خوشگوار لمحات کو دکھ اور تکلیف میں بدل دیا ۔نیورک ٹائمز نے لکھا کہ ایک خود کش بمبار نے بچوں کے جھولوں کے قریب خود کو اڑا لیا ۔میل آن لائن کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے سیاسی گڑھ پنجاب میں واقع گلشن اقبال پارک میں قیامت ٹوٹ پڑی ، دھماکے سے کئی بچے اور خواتین لقمہ اجل بن گئے ۔رشین ٹوڈے نے دنیا سے سوال کیا کہ برسلز دھماکوں جیسا رد عمل لاہور کیلئے کیوں نہیں ؟ دنیا کی عمارتیں پاکستانی پرچم میں کیوں نہیں رنگی گئیں ؟اسکائی نیوز ٹیلی گراف ‘ جاپانی اور فرانسیسی سمیت دنیا بھر کے میڈیا نے لاہور دھماکے پر غم اور غصے کا اظہار کیا ۔