دہشتگردوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے :نواز شریف

پیر 28 مارچ 2016 13:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے ، بچوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے‘ زخمیوں کو طبی امداد کے معاملہ پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعظم نواز شریف اسلام آباد سے مریضوں کی عیادت کے لئے خصوصی طور پر لاہور پہنچے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار ، خواجہ سلمان رفیق اور دیگر وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے جناح ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی اور ہر بیڈ پر جا کر مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ انہیں تسلی و تشفی دی اور لواحقین سے بھی بات کی۔ وزیر اعظم نے زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ دہشتگردوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا ، بچوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشتگردوں کو کیفر کردارتک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ٓٓپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ وزیر اعظم نے کہا زخمیوں کو طبی امداد کے معاملہ پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔