رحیم یار خان،عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے،محمد ظفر اقبال

پیر 28 مارچ 2016 13:23

رحیم یار خان۔ 28 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مارچ۔2016ء)ڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جس میں کسی صورت غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو معیاری و بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے جس پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والے ادویات کے سیمپل بھی اکھٹے کئے جا رہے ہیں جنہیں ملکی و غیر ملکی سطح پر معائنہ کے لئے بھیجا جائے گا تاکہ ان ادویات کے معیار بارے معلوم ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کے مختلف رورل ہیلتھ سینٹر اور تحصیل ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں کے اچانک دورہ پر افسران و سٹاف کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی او ہیلتھ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی تحصیلوں میں موجود سرکاری ہسپتالوں کا روزانہ کی بنیاد پر دورہ کریں اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیں جبکہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اس پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے ہسپتالوں میں صفائی انتظامات خاص طور پر ایمرجنسی، آپریشن تھیٹر اور لیبر روم پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی انتظامات تسلی بخش ہیں مگر ان میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے سینئر میڈیکل آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ ادویات کی موجودگی اور صفائی کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے اپنے دورہ کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے استفسار کیا۔انہوں نے ہسپتال میں موجود ادویات کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ریکارڈ درست رکھنے کی ہدایت جاری کی۔