اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے بارے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ طلب کر لیا

پیر 28 مارچ 2016 12:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ ایک ہفتے کے اندر عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیدیا ہے ۔ گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیخلاف دائر کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے ایڈووکیٹ ملک طاہر محمود جبکہ لال مسجد کے وکیل طارق اسد عدالت میں پیش ہوئے ایڈووکیٹ ملک طاہر ملک نے عدالت میں سپریم کورٹ کا مختصر فیصلہ عدالت میں پیش کیا تو اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ عدالت میں پیش کیا جائے اس پر ملک طاہر محمود نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ابھی تک تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا بعد ازاں عدالت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے ہٹائے جانے سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی ۔

واضح رہے کہ ماتحت عدالت نے 20فروری کو غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیلنج کیا ہے