لاہور دھماکہ :وزیراعظم کی وفاقی وزراء کے ہمراہ جناح ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت

پیر 28 مارچ 2016 12:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مارچ۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ہمراہ لاہور پہنچ گئے ، جناح ہسپتال میں گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کی عیادت کی جبکہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ لاہور پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد اورسہولت کار کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

لاہور خود کش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے،دہشت گردوں کے خاتمے تک چین نہیں بیٹھیں گے اوراس حوالے سے پوری قوم ، پاک افواج اور حکومت سب ملکر کوششیں کررہے ہیں ، دہشت گردوں نے میرے بچے، بچیوں اور بہن بھائیوں کو نشانہ بنایا، پوری قوم کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دہشتگرد اپنا انجام دیکھ کر بزدلانہ وار کر رہے ہیں، ملک اس وقت قومی یکجہتی کا متقاضی ہے، بحیثیت قوم تمام تفرقات سے آزاد ہوکر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے،ہمیں ہر حال میں دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ وزیراعظم کے ہمراہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف بھی تھے ۔قبل ازیں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا اور وزیراعظم کے مشیران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نوازشریف نے سانحہ لاہور کی تحقیقات سے پل پل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی اور اپنا لندن کا دورہ منسوخ کر دیا جبکہ اپنی امریکا روانگی بھی دو روز کے لیے موخر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور خودکش حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیروں نے شرکت کی۔ چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعظم کو لاہورخودکش حملے سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت قومی یکجہتی کا متقاضی ہے، ہرحال میں دہشت گردوں کو شکست دیں گے اور ہرحال میں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔