قطر سے ایل این جی کی درآمد سے گیس بحران پر قابو پانے کیساتھ ساتھ صنعتوں کا پہیہ رواں رکھنے میں مدد ملے گی‘ چوہدری شیر علی

اتوار 27 مارچ 2016 23:11

فیصل آباد۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مارچ۔2016ء ) سابق ایم این اے و میئر چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت توانائی بحران سے نمٹنے اور انڈسٹریز کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور کم وقت میں مسائل کے حل کیلئے جتنی بھی کوششیں کی گئیں ان میں سب سے اہم منصوبہ برادر اسلامی ملک قطر سے ایل این جی کی درآمد کا منصوبہ ہے جس کی بدولت ملک سے گیس بحران پر قابو پانے کیساتھ ساتھ صنعتوں کا پہیہ رواں رکھنے میں مدد ملے گی۔

تعلیم ‘ صحت ‘ بجلی و گیس سمیت دیگر بنیادی سہولتیں سے استفادہ کرنا ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے ۔ ان سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکومت ہمہ وقت کوشاں ہے۔ 2018 تک کوئی بھی شخص بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل نمبر 99 کے علاقہ نیامت ٹاؤن میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم پی اے میاں طاہر جمیل ‘ چیئرمین یونین کونسل چوہدری محمد جمیل انصاری ‘وائس چیئرمین ابرار احمد رحمانی ‘ندیم صدیقی ‘ملک شہزاد و دیگر عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے توانائی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اور اہم فیصلے کئے جن میں پاور پلانٹس کیساتھ ساتھ گیس کے ذخائر میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے جو خوش آئند ہیں ‘خصوصاً قطر سے وسیع مقدار میں گیس کی درآمد کا فیصلہ قومی فیصلہ قرار دیاجارہا ہے کیونکہ اس سے ملک میں گیس کا بحران ختم ہوگا اور گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کا مطلوبہ پیداوار کا حصول بھی ممکن ہو گا جس سے کارخانے ملیں چلیں گی مزدور کو روزگارملے گا ‘زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا حکومتی مشکلات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔