پاکستانی کاروباری شخصیات کے پاس ایرانی منڈیوں میں مصنوعات کی فروخت کا بہترین موقع ہے مفتاح اسماعیل

ایرانی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے انٹرویو

اتوار 27 مارچ 2016 14:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2016ء) سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ایران پر عالمی پابندی کے خاتمہ کے بعد پاکستانی کاروباری شخصیات کے پاس ایرانی منڈیوں میں اپنی مصنوعات کی فروخت کا بہترین موقع ہے  ایرانی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت آئندہ پانچ سالوں میں تجارتی حجم 5 بلین ڈالر تک بڑھانے کیلئے دوطرفہ تجارت کو سالانہ 30 فیصد تک بڑھانے کی خواہاں ہے جو دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران بھی پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری کا خواہاں ہے جبکہ وزیراعظم محمد نواز شریف بھی ایران سے تجارتی سرگرمیاں بڑھانا چاہتے ہیں اس لئے اگر ہم ایران سے گیس خریدتے ہیں تو ایران کی پاکستان کے ساتھ کافی ایکسپورٹ ہو جائے گی جس کے بعد وہ اپنی اور بھی منڈیاں پاکستان کیلئے کھول دے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کا کہنا تھا کہ ایران بھی پاکستان سے ٹیکسٹائل، خوراک، زرعی اجناس سمیت ادویات خرید سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق موجودہ حکومت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کے استحکام کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے موثر اور اہم اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ پاکستان کے پاس چاول کی اعلی اقسام موجود ہیں جن کی ایران میں بڑی مارکیٹ بھی ہے جس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

متعلقہ عنوان :