عورتوں کے خلاف ہر طرح کے امتیازی قوانین کا خاتمہ کیا جائے

نیشنل پارٹی (سندھ) شعبہ خواتین کے تحت خواتین کے عالمی دِن کے موقع پر سیمینارسے مقررین کا خطاب

اتوار 27 مارچ 2016 14:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مارچ۔2016ء ) شعبہ خواتین کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دِن کی مناسبت سے سیمینار کراچی میں منعقد ہوا ۔ سیمینار کی صدارت نیشنل پارٹی (سندھ) کی خواتین سیکریٹری زاہدہ جبار نے کی سیمینار کے مہمان خصوصی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میرطاہربزنجو تھے سیمینار سے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے میرطاہربزنجو ، انجینئر حمید بلوچ، شاہینہ رمضان، زاہدہ جبار، طاہرہ خورشید، دُر بی بی بزنجو، صابرہ اسلام ایڈووکیٹ ، منہاز ، فرحت پروین ، رمضان میمن اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا ہر سال دُنیا بھر میں مارچ کے مہینے میں خواتین کا عالمی دِن منایا جاتا ہے ،جلسے ، جلوسوں اور سیمیناروں میں اِس عزم کا عہد کیا جاتا ہے کہ سماج میں عورتوں کی برابری کے حق کو تسلیم کرانے کے لیے جدوجہد کی جائے گی لیکن عملاً یہ ہوتا ہے کہ آنیوالے دِنوں میں عورتوں کے استحصال میں مزید اضافہ ہی ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

2014ء میں اقوام متحدہ نے نعرہ لگایا تھا کہ عورت کی برابری میں ہی سب کی ترقی ہے۔ لیکن طبقاتی اور نجی ملکیت کے سماج میں عورت کو بھی زر اور زمین کی طرح جنس سمجھا جاتا ہے اور ترقی یافتہ سماجوں میں بھی عورتوں کو مردوں کے برابر اُجرت نہیں ملتی۔پاکستان میں آج محنت کش خواتین کی حالت زار گھر کے اندر اور گھر کے باہر بڑی درد ناک ہے۔ سالانہ چھ لاکھ مائیں زندگی کو جنم دینے کے بعد خود زندگی سے محروم ہوجاتی ہیں جبر و تشدد اور غربت کے تحت خودکشیاں روز کا معمول ہے اور مردوں کی نسبت عورتوں کو بہت کم اُجرت دیکر انکی محنت کا استحصال کیا جاتا ہے۔

فرسودہ رسم و رواج کی بھینٹ بھی عورتوں کو ہی چڑھایا جاتا ہے۔ نیشنل پارٹی جو کہ عوام الناس کی جماعت ہے وہ اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ جب تک سماج میں عورتیں آزاد نہیں ہوں گی اس وقت تک سماج میں کسی بھی قسم کی کوئی مثبت تبدیلی ممکن نہیں ہے ۔نیشنل پارٹی ۔وومن پروٹیکشن بل کی بھی حمایت کرتی ہے اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتی ہے کہ عورتوں کے خلاف امتیازی قوانین کو ختم کیا جائے ۔عورتوں کو مردوں کے برابر اُجرت کے قانون پر عمل درآمد کرایا جائے اور عورتوں کے حق رائے دہی پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد کرنے والوں کو قرارواقعی سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :